دس ہزار سے زائد خصوصی افرادکو پانچ پانچ ہزار روپے کی نقد مالی امداد مہیا کی جارہی ہے،مہرتاج روغانی

ہفتہ 13 جون 2015 22:42

پشاور۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء )محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا نے معذور افراد کی بحالی اور حوصلہ افزائی کا جامع پروگرام شروع کیا ہے ابتدائی مرحلے میں دس ہزار سے زائد خصوصی افراد کو پانچ پانچ ہزار روپے کی نقد مالی امداد مہیا کی جارہی ہے جسکی مجموعی مالیت پانچ کروڑ روپے ہے جبکہ نئے مالی سال میں مزید بڑی سکیمیں بھی شروع کی جارہی ہیں اس پروگرام کا افتتاح منگل کو پشاور میں ہو گا جس میں تین سو خصوصی افراد کو نقد امداد ملے گی یہ تقریب اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے خیبریونین ہال میں ہو گی اس بات کا انکشاف وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبودڈاکٹرمہرتاج روغانی نے ہفتے کے روز فرنٹئیر لاء کالج پشاور صدر میں تقسیم اسناد کی سالانہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مہر تاج روغانی نے وکلاء پر زوردیا کہ وہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے کمربستہ ہوں اور معاشرے میں انصاف، میرٹ اورقانون کا بول بالا کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹراوروکیل کاپیشہ مقدس ہے دونوں طبقوں کامقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے انہوں نے فرنٹئیر لاء کالج کے تعلیمی کردار کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ یہاں سے بہترین وکلاء اور جج فارغ التحصیل ہوئے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مصروف عمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ صوبے بھر میں 10123 معذور افراد کو پانچ ہزار روپے فی کس کے حساب سے پانچ کروڑ روپے کے چیک دینے کا عمل شروع کررہا ہے جو قرعہ اندازی کے ذریعے چوبیس ہزار مستحق افراد میں سے چنے گئے ہیں اس سلسلے میں تین سو خصوصی افرا د کو مالی امداد کے چیک منگل 16جون کو اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران دئیے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ محکمہ سماجی بہبودمنشیات کے عادی افراد کی بحالی کا موثر پروگرام بھی شروع کررہاہے کیونکہ انکے موجودہ ہسپتال ناکافی ہیں اور انہیں بہتر بنانے کا ہنگامی پلان بھی بنایا گیا ہے اسی طرح صوبے بھر میں دارالامان کے انتظامات بھی بہتر بنائے جارہے ہیں تاکہ وہاں مقیم بدقسمت خواتین کو اچھی زندگی گزارنے کے مواقع ملیں اور ان کی تلخ یادوں کو زائل کیا جاسکے ۔