Live Updates

الیکشن ٹریبونل نے این اے122سے متعلق نادرا کی سپلیمنٹری رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنانے یانہ بنانے پرفیصلہ محفوظ کرلیا

چیئرمین نادرا نے اختیارات سے تجاوز کیا درخواست دائر کی جائیگی،پی ٹی آئی کے وکلاء نے سپلیمنٹری رپورٹ کو مسترد کردیا تمام شواہد حق میں آچکے ہیں عمران خان اب الزام تراشی بند کر دیں،ہمت کے ساتھ حقائق کو تسلیم کیا جائے ‘ علی ایاز صادق

ہفتہ 13 جون 2015 22:22

الیکشن ٹریبونل نے این اے122سے متعلق نادرا کی سپلیمنٹری رپورٹ کو ریکارڈ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) الیکشن ٹریبونل نے این اے122سے متعلق نادرا کی سپلیمنٹری رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنانے یانہ بنانے پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 15جون تک ملتوی کردی ۔ پی ٹی آئی کے وکلاء نے سپلیمنٹری رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نادرا نے اختیارات سے تجاوز کیا جس پر انکے خلاف درخواست دائر کی جائے گی جبکہ سردار ایاز صادق کے صاحبزادے علی ایازصادق نے کہا ہے کہ تمام شواہد حق میں آچکے ہیں عمران خان اب الزام تراشی بند کریں۔

گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس (ر) کاظم ملک نے این اے122مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کی ۔ چیئرمین نادراعثمان مبین نے ٹربیونل کے رو برو پیش ہو کر بتایا کہ نادرا رپورٹ پرجواعترااضات تھے وہ ختم کرکے سپلیمنٹری رپورٹ جمع کروادی ۔

(جاری ہے)

سپلیمنٹری رپورٹ عمران خان اورسردارایازصادق کے وکلا ء کے اعتراضات کے بعد تیار کی گئی جس میں تمام حقائق واضح کردئیے ہیں الیکشن ٹریبونل نے این اے122سے متعلق چیئرمین نادرا کی سپلیمنٹری رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنانے یانہ بنانے پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 15جون تک ملتوی کردی ۔

سماعت کے بعد وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ایازصادق نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنا اورالزام لگانا بندکرکے حقائق کو ہمت کے تسلیم کریں۔ این اے 122میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، نادرا کی جانب سے پیش کی جانے والی سپلیمنٹری رپورٹ بالکل درست ہے، یہ کوئی نئی یا الگ رپورٹ نہیں پہلی رپورٹ کی وضاحت ہے، وکلا ء نے نادرا سے وضاحتیں مانگیں جس پر سپلیمنٹری رپورٹ جاری کی گئی۔

عمران خان یہ بات تسلیم کر لیں کہ این اے 122 میں دھاندلی نہیں ہوئی ، عمران خان جھوٹ بول کر ہیرو سے زیرو بن گئے ہیں۔پی پی 147سے پی ٹی آئی کے ناکام رہنے والے امیدوار شعیب صدیقی اور عمران خان کے وکلاء نے چیئرمین نادرا کی سپلیمنٹری رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نادرا نے اختیارات سے تجاوزکیا لہٰذاان کے خلاف کاروائی کی جائے اور اس پر درخواست دائر کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے جاری کی گئی دونوں رپورٹس میں تضاد ہے۔پہلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این اے 122میں بے ضابطگی ہوئی جبکہ دوسری رپورٹ میں سردار ایاز صادق کو کلین چٹ دے دی گئی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات