وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ممتاز ماہر تعلیم جیو فری ڈگلس کی ملاقات، لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج چترال کے امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 13 جون 2015 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) ممتاز ماہر تعلیم اور ایچی سن کالج لاہور کے سابق فیکلٹی ممبر میجر (ریٹائرڈ) جیو فری ڈگلس لینگ لینڈ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی اور ان سے لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج چترال کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کیڈٹ کالج رزمک کے پرنسپل کرنل محمد قیوم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میجر لینگ لینڈ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ سکول کی انتظامیہ سے متعلق بعض مسائل کے باعث سکول کو گزشتہ ماہ بند کر دیا گیا تھا اور سکول کو پیشہ ورانہ اور شفاف انداز میں چلانے کیلئے اس کے بورڈ آف گورنرز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے چترال جیسے دور دراز علاقے میں تعلیم کے فروغ کیلئے اس کے بانی سربراہ میجر لینگ لینڈ کے جذبے اور کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے نئی انتظامیہ کے تحت سکول کی جلد بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکول کے بورڈ میں مقامی پیشہ ور اور قابل و مخلص افراد کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور چترال کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سکول کو جلد از جلد پائیدار بنیادوں پر بحال کرنے کیلئے ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کرے۔ انہوں نے ڈی سی چترال سے کہا کہ وہ سکول کی شفاف انداز میں بحالی کیلئے تمام اقدامات سکول کے بانی سربراہ میجر لینگ لینڈ کے مشورے سے اٹھائیں ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ میجر (ر) جی ڈی لینگ لینڈ ایچی سن کالج لاہور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے استاد تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں نے کالج کی پرانی یادیں بھی تازہ کیں جبکہ 97سالہ بزرگ استاد نے اپنے شاگرد پرویز خٹک کو ان کے قد سے پہچانا۔

متعلقہ عنوان :