برما کے مظلوم اور مجبور مسلمان ہماری طرف دیکھ رہے ہیں‘مسلم حکمران آگے آئیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کریں‘(کل) پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سرا ج الحق کی قیادت میں برما کے بے سہارا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا

امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترکااعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 22:12

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا ہے کہ برما کے مظلوم اور مجبور مسلمان آج ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔مسلم حکمران آگے آئیں اور اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔14 جون کو5 بجے سہ پہر اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے امیر جماعت اسلامی پاکستان سرا ج الحق کی قیادت میں برما کے بے سہارا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی بلڈنگ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں 14 جون کو راولپنڈ ی سے اسلام آباد تک نکالی جانے والی ریلی اور مظاہرے میں شرکت کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اجلاس میں انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لے کر حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں امیر جماعت اسلا می ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نائب امیر میجر(ر) محمد منیر اعظم اور ڈپٹی سیکرٹری ضیا اللہ چوہان سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پرشمس الرحمان سواتی نے ریلی اور مظاہرے میں شرکت کی تیاریوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاوہ ضلع کے تمام قصبا ت و دیہات سے بھی عوام بڑی تعداد میں قافلوں کی شکل میں لیاقت باغ راولپنڈی کی ریلی میں شریک ہوں گے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ برما کے مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائے گئے ہیں اور جس طرح سے ان کا قتل عام کیا گیا ہے اور ان کو گھروں سے نکال دیا گیا ہے۔

اس ساری صورتحال پر اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی خاموشی حیران کُن ہے۔انہوں نے کہا کہ برما کے مظلوموں کو مسلمان ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔اس افسوسناک صورتحال کا فوری تقاضا ہے کہ مسلم حکمران اور او آئی سی آواز اُٹھائیں اور اس اہم مسئلے کو سلامتی کونسل میں لے کر جائیں۔برما کے سفیروں کو ملک بدر کیا جائے اور اپنے سفیروں کو وہاں سے واپس بلا لیا جائے۔