صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وسائل فراہم کرنے کیلیے 64.458 ارب روپے جبکہ رینجرز کے لیے 2.448 ارب مختص

ہفتہ 13 جون 2015 21:51

کراچی ۔ 13جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) حکومت سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وسائل فراہم کرنے کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں 64.458 ارب روپے مختص کیے ہیں جو رواں مالی سال کے 58.623 کے مقابلے میں 10فیصد زیادہ ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ ہفتہ کو یہاں سندھ اسمبلی میں بجت تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پولیس کے لیے 61.8ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ رواں مالی سال 50.915ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

رینجرز کے بجٹ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئے مالی سال میں رینجرز کے لیے 2.448 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال 2.2ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ نئے مالی سال میں 6.23ارب روپے بلٹ پروف جیکٹس، پولیس موبائل، ہیلمٹس، بلٹ پروف موبائل، اسلحہ اورکلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹرانسپورٹ کی خریداری کے لیے 2ارب روپے مختص ہوں گے، 500 ملین روپے 200 گاڑیوں کوبلٹ پروف اور 100 گاڑیوں کو بم پروف بنانے میں استعمال ہوں گے، نئے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 2ارب روپے، نگرانی کے کیمروں اور جدید تیکنیکی آلات کی خریداری کے لیے 6ارب روپے سے زائد مختص ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس ٹریننگ سینٹرز کی اپ گریڈیشن کے لیے 250ارب روپے ،گواہوں کے تحفظ کے لیے وٹنس پروٹیکشن ایڈوائزری بورڈ قائم کردیا گیا ہے جو اس حوالے سے اقدامات کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :