` وفاقی وزیر داخلہ کی ایم کیو ایم کے کل سندھ میں ہڑتال کے اعلان کی مذمت

پاکستان کی ترقی کراچی کے امن سے منسوب ، سیاسی و عوامی مسئلے کا حل ایوانوں میں موجود ہے ہڑتالیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ہمارا بڑا مقصد امن وامان کی بحالی اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے،غلط کام کرنے والوں پر ضرور ہاتھ ڈالیں گے ، این جی اوز کے حوالے سے کل کے اجلاس میں تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا،چوہدری نثار کی میڈ یا سے گفتگو `

ہفتہ 13 جون 2015 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کے بجٹ کیخلاف (اتوار کو ) ہڑتال کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کراچی کے امن سے منسوب ہے سیاسی اور عوامی مسئلے کا حل ایوانوں میں موجود ہے ہڑتالیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ این جی اوز کے حوالے سے کل پیر کو ہونے والے اجلاس میں تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے پر ہڑتال اور دھرنا نامناسب ہے سندھ میں ہڑتال کا ا علان قابل مذمت ہے ہر مسئلے کے حل کا بہترین فورم اسمبلیاں ہیں جہاں بات اور بحث سے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا اور امن سے کراچی کے لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

ہڑتالوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ تلخی بڑھتی ہے روزمرہ کی ہڑتالیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز وزارت داخلہ کے ماتحت ہے رینجرز نے جان کی بازی لگا کر کراچی میں امن قائم کیا اور پولیس سے مل کر سندھ میں اچھا کام کررہی ہے رینجرز کا کام چوکیداری نہیں امن کی بحالی میں رینجرز کا اہم کردار ہے ۔ ہمارا بڑا مقصد امن وامان کی بحالی ہے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ غلط کام کرنے والوں پر ضرور ہاتھ ڈالیں گے ۔

ڈی جی رینجرز نے ایک سال کے تجربے پر رپورٹ پیش کی امید ہے کہ سندھ حکومت کی رپورٹ پر عملدرآمد کرے گی انہوں نے کہا کہ کچھ این جی اوز صیح اور کچھ حدود سے بڑھ کر کام کررہی ہیں این جی اوز پر ہماری نظر ہے پہلے مرحلے میں عالمی این جی اوز پر نظر رکھی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں قومی این جی اوز کو ضابطے میں لائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ایم کیو ایم کوخود سوچنا چاہیے کہ ہڑتالوں کی کال دے کر دیہاڑی داروں کی مزدوری پر لاٹ نہ مارے ایک سوال پر کہا کہ این جی اوز کے حوالے سے کل پیر اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا