پی سی بی کا آئندہ سال فروری میں پاکستان سپر لیگ ’’ پی ایس ایل‘ ‘ کرانے کا اعلان

سپر لیگ کیلئے غیر ملکی فرم کی خدمات حاصل ، غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے،لیگ فرنچائزڈ ہوگی

ہفتہ 13 جون 2015 20:49

پی سی بی کا آئندہ سال فروری میں پاکستان سپر لیگ ’’ پی ایس ایل‘ ‘ کرانے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان کرکٹ بور ڈنے آئندہ سال فروری میں یو اے ای میں پاکستان سپر لیگ ’’ پی ایس ایل‘ ‘ کرانے کا اعلان کردیا ، سپر لیگ کیلئے غیر ملکی فرم کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں ، سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کریں گے ۔ ہفتہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 36 واں اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں چیئرمین شہریار خان کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں سی ای او پی سی بی سبحان احمد ، نجم سیٹھی ، اقبال قاسم سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر کامیاب دورہ زمبابوے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے تنظیمی ڈھانچہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں حالیہ دورہ زمبابوے اور پاکستان سپر لیگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات پاکستان سپرلیگ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی کھیلنے کیلئے مدعو کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ فرنچائزڈ ہوگی ، سپر لیگ کی تیاری کیلئے غیر ملکی تجربہ کار فرم کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ کے تمام انتظامات پی سی بی کی زیر نگرانی ہوں گے ۔ اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے تنظیمی ڈھانچہ پر بھی تبادلہ خیال اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد دیگر ٹیموں کو پاکستان بلانے سمیت سیکورٹی اور دیگر امور بھی زیر غور آئے۔