Live Updates

عمران خان 35 پنکچر کا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں نہیں لے گئے ، جسٹس افتخار اور رمدے کے نام لیتے ہوئے ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں ، فارم 15 کا غائب ہونا جرم ہے تو سب سے بڑی مجرم تحریک انصاف ہے ، وزیراعظم نے مکھی مرنے کا لفظ محاورے کے طور پر استعمال کیا ، ایم کیو ایم ان کے بیان کو صحیح سمجھ نہیں پائی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب ، صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 13 جون 2015 20:20

عمران خان 35 پنکچر کا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں نہیں لے گئے ، جسٹس افتخار ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان 35 پنکچر کا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں لے کر نہیں گئے اور اب جسٹس (ر) افتخار چوہدری کا نام لیتے ہوئے ان کی ٹانگیں کاپنپتی ہیں اور جسٹس (ر) رمدے کا نام لینے پر انہیں پسینہ آ جاتا ہے ، اگر فارم 15 کا غائب ہونا بنیاد بننا ہے تو سب سے بڑی مجرم تحریک انصاف ہے جس کے حلقوں سے 44 فیصد فارم 15 نہیں ملے۔

وہ ہفتہ کو یہاں پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پی ایچ ڈی کرنے والے طلباء کے واجبات اداکئے، تعلیم کے حوالے سے نجی شعبے کے کردار کو بہتر بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے نجی سیکٹر کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، نجی سیکٹر کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، نجی سیکٹر کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پرائییوٹ سیکٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں، انہیں جلد حل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پی ایچ ڈی کرنے والے طلباء و طالبات کی فیس اور دیگر اخراجات وفاقی حکومت ادا کر رہی ہے۔اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ فارم 15 کو اگر بنیاد بنانا ہے تو بڑی مجرم پی ٹی آئی ہے، کیونکہ ریکارڈ کے مطابق جن حلقوں سے تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے وہاں سے 44فیصد فارم 15 غائب ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) جن حلقوں سے کامیاب ہوئی ہے ان میں 28 فیصد فارم 15 نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے متعلق تمام الزامات کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن نے کرنا ہے اور معاملہ عدالت میں ہے، میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کر نا چاہتا، اور اس موضوع پر زیادہ بات نہ کی جائے تو مناسب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف الطاف حسین کو شہد کی مکھی سمجھتے ہیں جہاں سے شہد نکلتا ہے ، الطاف حسین وزیراعظم کے بیان کو غلط سمجھ رہے ہیں، وزیراعظم نے مکھی مرنے کا حوالہ محاورے کے طور پر دیا ہے، مکھی مرنا ایک محاورہ ہے جسے معمولی نقصان کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ایم کیو ایم کی قیادت کو چاہیے کہ اس با ت کو ایشو نہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 35 پنکچرز کا معاملہ جوڈیشل کمیشن میں اٹھاتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا ، جسٹس(ر) افتخار چوہدری کا نام لیتے ہوئے ان کی ٹانگیں اب کیوں کانپ رہی ہیں ، ان پر الزامات تو لگاتے رہے لیکن جوڈیشل کمیشن میں کوئی بات نہیں کی، اسی طرح جسٹس(ر) خلیل الرحمن رمدے پر بھی کئی بے بنیاد الزامات لگائے گئے مگر ان کا بھی نام جوڈیشل کمیشن میں نہیں لیا گیا اور رمدے کا نام لیتے ہوئے عمران خان کو پسینہ آ جاتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کارکن صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات