`آئی ایس آئی کے سابق چیف نے ماضی میں بھی منتخب حکومتوں کیخلاف سازشیں کیں‘محمد جمیل

حمید گل کا ملکی آئین معطل کرنے سے متعلق بیان جمہوریت اور جمہوری اداروں سے نفرت کی عکاسی کرتا ہے،صدر پاکستان جمہوری اتحا د `

ہفتہ 13 جون 2015 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل(ر) حمید گل کا ملکی آئین معطل کرنے سے متعلق بیان جمہوریت اور جمہوری اداروں سے نفرت کی عکاسی کرتا ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ فوج کو اقتدار پر قابض ہونے کی دعوت دینے پر سابق جنرل کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کوجرات نہ ہو کہ وہ ملکی آئین کا اسطرح تمسخر اڑاسکے ایک بیان میں انہوں نے کہاآئی ایس آئی کے سابق چیف نے ماضی میں بھی منتخب حکومتوں کیخلاف سازشیں کیں، انکا شمار پیپلز پارٹی کے ازلی دشمنوں میں ہوتا ہے،محترمہ بینظیر بھٹو کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے اسلامی جمہوری اتحاد( آئی جے آئی) بھی انہوں نے ہی بنوایا تھا،سابق جنرل اب ملک وقوم کا پیچھا چھوڑ دیں اور جمہوری عمل جیسا بھی اسے چلنے دیں،اگر انہوں نے سیاست ہی کرنی ہے تو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرلیں یا پھر اپنی سیاسی جماعت تشکیل دیکر عوامی سطح پر زورآزمائی کرلیں،انہوں نے کہا ملک کو سیاستدانوں سے زیادہ جرنیلوں نے نقصان پہنچایا ہے،ایم کیو ایم،کلاشنکوف،برادری ازم اورہیروئن کی وسیع پیمانے پر سمگلنگ سابق جرنیلوں کے قوم کو عظیم تحفے ہیں جن سے ہم آج بھی نبردآزما ہیں،محمد جمیل ملک نے افواج پاکستان کی موجودہ قیادت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جنرل(ر) حمید گل کے بیان کا نوٹس لے۔

`

متعلقہ عنوان :