`جنگی جنون میں مبتلا بھارت امن کا سب سے بڑا دشمن ہے ،افتخارحسین

امن دشمن ملک کوسلامتی کونسل کا رکن بننے کا کوئی حق نہیں ہے ،تقریب سے خطاب`

ہفتہ 13 جون 2015 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ہیومن رائٹس ویلفیئرفورم کے صدر افتخارحسین نے کہا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت امن کا سب سے بڑا دشمن ہے لہذا امن کے دشمن ملک کو سلامتی کونسل کا رکن بننے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا منصوبہ ہے اس لیے بھارت امریکا اوراسرائیل کی آشیرآباد سے اس منصوبے کو تباہ کرنے کے لیے سازشیں کررہا ہے لیکن پاکستان کی بہادرافواج جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ہرصورت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی جنوبی ایشیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے اقوام متحدہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے قابل سے قندھاراورنورستان سے ہلمند تک شرپسندوں کی پشت پناہی کے ایسے اڈے قائم کیے ہیں کہ جوبلوچستان ،کراچی ،اندرون سندھ ،جنوبی پنجاب اورخیبرپختونخوا میں شدت پسندوں ،دہشت گردوں ،تخریب کاروں ، مذہبی ولسانی ،علاقائی انتہا پسندوں کوپاکستان میں بدامنی کے لیے تیارکررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج جنرل راحیل شریف کی قیادت میں آپریشن ضرب عضب کی شکل میں دہشت گردوں کے مکمل صفایا کے مشن کوکامیابی سے تکمیل تک پہنچارہی ہے ،دہشت گردی کے ٹھکانوں کے خاتمے کے بعد یقینی طورپرخطے میں امن کا ماحول پیدا ہونے سے پاکستان ترقی کی جانب بڑھے گا ۔(محمد عقیل) `

متعلقہ عنوان :