` عالمی برادری بھارت کے جارحانہ روئیے کا نوٹس لے ، میاں عمران مسعود `

ہفتہ 13 جون 2015 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزراء کی جانب سے مسلسل بلاجواز اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات میں بڑھتی ہوئی تلخی عالمی طاقتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہونی چاہئیے ، گزشتہ دنوں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بنگلہ دیش میں پاکستان کو توڑنے کو بھارت کی فتح اور را کی سرگرمیوں کے اعتراف نے پاکستانی قوم کے غیض و غضب میں اضافہ کردیا ہے ، پاکستان ایک خود مختار ایٹمی قوت ہے افواج پاکستان ملک کی سا لمیت اور خود مختاری کا تحفظ کرنے کی بھر پور صلاحیت اور حوصلہ رکھتی ہے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکالنا بھی جانتی ہے ، آرمی چیف کی جانب سے بھارت کی گیڈر بھبکیوں کا واضح جواب دیئے جانے سے قوم کو اطمینان اور حوصلہ ملا ہے ، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو محض تشویش کا اظہار کرنے کی بجائے عملاً بھی معاملات اور تعلقات میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے کیونکہ جب تک کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل نہیں کیا جائے گا جنوبی ایشیائی خطے میں امن کا قیام محض ایک خواب بن کے رہ جائے گا

متعلقہ عنوان :