مسلم حکمران برما میں مسلمانوں کا قتل عام بندکرانے کیلئے کردار ادا کریں، پاسبان

پاسبان کورنگی کے تحت کارکنوں اور کراچی میں آباد برمی مسلمانوں کا احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 13 جون 2015 18:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاسبان کراچی کے رہنما مشتاق احمدملوک نے کہا ہے کہ مسلم حکمران برما میں مسلمانوں کا قتل عام بندکرانے کیلئے کردار ادا کریں، مذہبی جنون پرستوں کی جانب سے برما میں بچوں کو زندہ جلانا، خواتین کی آبرو ریزی اورنہتے شہریوں کا قتل عام کھلی دہشت گردی اور درندگی کی انتہا ہے جس پر انسانی حقوق کے چمپیئنوں کی خاموشی نے ظاہر کردیا ہے کہ ان کی دشمنی دراصل اسلام سے ہے ۔

پاسبان کورنگی کے تحت مسجد الہہٰ کے باہرپاسبان کارکنوں اور کراچی میں آباد برمی مسلمانوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں، خواتین اور بچوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس پر انسانی حقوق کے چمپئن امریکا، مغربی ممالک او ر اقوام متحدہ کی خاموشی نے ان کا اصل چہرہ ظاہر کردیا ہے لیکن اصل افسوس مسلم حکمرانوں پرہوتا ہے جن کا ہونا یا نہ ہونا مسلمانوں کیلئے برابرہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق مسلمان تمام مذاہب اور عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں اسلئے مذہب کی بنیاد پر انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ۔ پاسبان برما میں نہتے مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتی ہے اور تمام مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں اور برما میں مسلمانوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں ۔

متعلقہ عنوان :