شہر میں رنگدار شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے،ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے شہری ازخود بلیک پیپرز اتارکر قانون پسند اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں

چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ

ہفتہ 13 جون 2015 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہر میں سکیورٹی اور امن وامان کیلئے رنگدار شیشوں،غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ اور مشکوک گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔انہوں نے ایس پیزاور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس مہم کی کامیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں۔

سی ٹی او نے کہا کہ عوام کی مدد،راہنمائی اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانا سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔

(جاری ہے)

ٹریفک قوانین کی پاسداری اورشہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے رنگدار شیشوں والی اورمشکوک گاڑیوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں پٹرولنگ کریں اور وارڈنز کو بریف کریں کہ انسدادی کارروائی کے دوران شہریوں سے نرمی سے پیش آئیں تاہم قانونی کارروائی بھی یقینی بنائیں ۔طیب حفیظ چیمہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی گاڑیوں سے از خود بلیک پیپرز اتارکر قانون پسند اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔