ٹیکس نیٹ کو وسیع ‘ ٹیکس اداکرسکنے کے قابل اداروں یا افرادکوٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے ‘ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ، سیکورٹی کے حالات بہتر بنانااور توانائی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے،صوبائی حکومت کی ترجیحات میں گروتھ ریٹ کے اہداف کو 7، 8 فیصد تک لیکر جانا ہے نوجوانوں کو ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کئے جائیں گے ‘عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا جا رہا‘ صوبہ میں بیرونی سرمایہ کاری ‘ نجی سرمایہ کاری دگنا کریں گے‘تعلیم کے لئے 310 ارب 20 کروڑ روپے مختص ‘صحت کے لئے بجٹ کا 14 فیصد 166 ارب13 کروڑ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی پوسٹ بجٹ پر یس کا نفر نس

ہفتہ 13 جون 2015 17:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشانے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں گروتھ ریٹ کے اہداف کو سات،آٹھ فیصد تک لیکر جانا ہے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع مہیا کرنے ہیں ‘صوبہ میں بیرونی سرمایہ کاری اور نجی سرمایہ کاری دگنا کرنا چاہتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی پالیسی کے تحت ملکی سرمایہ کاروں کو بھی سہولتیں دی جا رہی ہیں کیونکہ جتنی سرمایہ کاری ہو گی اتنے ہی ملازمت کے مواقع بڑھیں گے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ، سیکورٹی کے حالات بہتر بنانااور انرجی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا شامل ہے‘ بجلی پیدا کرنے کے جو منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان کی تکمیل پر لوڈ شیڈنگ مکمل طو رپر ختم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کویہاں 90 شاہراہ قائد اعظم پر پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں ۔ اس موقع پرچیئرمین پی اینڈ ڈی عرفان الہی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی جہانزیب خان، سیکرٹری خزانہ محمد یوسف خان، سیکرٹری اطلاعات مومن آغا،سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن، سیکرٹری انڈسٹریز، چیئرمین پنجاب ریونیواتھارٹی و دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ صوبے کے محاصل کو بڑھانے کے لئے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جا رہا ہے اور ایسے ادارے یا افراد جو ٹیکس ادا کرسکتے ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کرنا اور عام آدمی پر کوئی بوجھ نہیں ڈالنا - انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کو بھی 16 فیصد سے 10 فیصد پر لایا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ معاشرے کے خصوصی افراد خصوصا بصارت سے محروم نوجوانوں کو وظائف دیئے جائیں گے اور ان کے لئے ملازمت کا کوٹہ بھی بڑھایا جا رہا ہے -انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کی ایک اور خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے صحت ، تعلیم ، صاف پانی کی فراہمی جیسے شعبوں کے لئے بجٹ میں اضافہ میں کیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لئے 310 ارب 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جو مجموعی بجٹ کا 27 فیصد ہیں جبکہ صحت کے لئے بجٹ کا 14 فیصد 166 ارب13 کروڑ روپے فراہم کئے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورت پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 11 ارب روپے کی رقم فراہم کی جا رہی ہے - انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے لئے صحت اور ان کے بچوں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں - اس کے علاوہ صوبہ کے شہروں میں مزدوروں کی رہائش کے لئے بھی 10 ارب روپے مختلف منصوبوں کے لئے رکھے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مختلف شہرو ں میں ٹرانسپورٹیشن کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ ، ملتان میں میٹروبس جیسے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے سستے ٹریکٹر فراہم کرنے کے لئے 5 ارب روپے کی سبسڈی مہیا کی جا رہی ہے اور 25 ہزار ٹریکٹر کسانوں کو فراہم کئے جائیں گے اس کے علاوہ زرعی آلات فراہم کرنے پر ایک ارب روپے سے زائد رقم مہیا کی جا رہی ہے - انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا پچاس فیصد ہیں اور32 ارب روپے سے زائد کی رقم خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے مختص کی گئی ہے، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے پندرہ فیصد کوٹہ اور عمر کی حد میں تین کی رعایت بھی فراہم کی جا رہی ہے - اس کے علاوہ انہیں اپنا روزگار سکیم کے تحت بھی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی ‘ خواتین کے حقوق کے لئے قانون سازی بھی کی گئی ہے تا کہ ان کا استحصال نہ کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :