جی ایس پی پلس کی سہولت سے پاکستان کی برآمدات میں ایک سال میں 1.55 بلین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے،انجینئر خرم دستگیر

وفاقی وزیر تجارت اور وفاقی وزیر خزانہ کا وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت کی ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 17:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کی سہولت ملنے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں گذشتہ ایک سال میں 1.55 بلین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روزوفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کی ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈز کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان میں ایکسپورٹ ری فنانس ریٹ کم ہے اور اس کو مزید کم کیا جا رہا ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلا امپورٹ، ایکسپورٹ بینک رواں ماہ قائم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر حضرات برمدآت کو بڑھانے کے لئے نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کریں تاکہ برآمدی اشیاء کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں برآمدات بڑھانے کے لئے کئی رعائتیں اور سہولتیں دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ یکم جولائی سے مختلف شعبہ جات کے لئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ کونسلز قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ترکی اور انڈونیشیا کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے لئے بات چیت کر رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معاشی میدان میں گذشتہ دو سالوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے معاشی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی لیڈر شپ کو یقین دہانی کرائی کہ ریفنڈز بہت جلد ادا کر دیئے جائیں گے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر محمد ادریس اور ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر نے کاروباری برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے معاشی اقدامات کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :