آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ایک سال مکمل ، 2763 دہشتگرد ہلاک ، 837 ٹھکانے تباہ ، ہزاروں دہشتگرد اور سہولت کار گرفتار،253 ٹن بارودی مواد ،18087ہتھیار بر آمد

آپریشن میں بڑے پیمانے پر دہشتگردوں کا مواصلاتی نظام اور پناہ گاہیں تباہ کی گئیں،پاک فوج کے 347افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ، چینی صدر اور دیگر کئی اہم شخصیات کے دورے ،پاک زمبابوے کرکٹ سیریز اور چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کاآغاز آپریشن کے مثبت اثرات کا نتیجہ ہیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ کی طرف سے آپریشن ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر جاری رپورٹ میں کامیابیوں کی تفصیلات

ہفتہ 13 جون 2015 17:20

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے جار ی آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ایک سال مکمل ہوگیا جس دوران 2763 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے 837 ٹھکانے تباہ اور 253 ٹن بارودی مواد برآمد کیا گیا، آپریشن میں پاک فوج کے 347افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق فاٹا خصوصاًشمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کے خلاف گزشتہ سال جون سے شروع ہونے والے میں جاری آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے ایک سال مکمل ہوگیا ۔

اس دوران پاک فوج نے بڑے پیمانے پر کامیابیا ں ھاصل کیں ۔ یہ اہم کامیابیاں دہشتگردوں کے خلاف قبائلی علاقوں خصوصاً شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی میں حاصل ہوئیں۔

(جاری ہے)

دی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 2763 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے ان کے 837 ٹھکانے او ر انفراسٹرکچر بھی تباہ کردیا گیا ۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران ہزاروں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں بڑے پیمانے پر دہشتگردوں کا مواصلاتی نظام اور پناہ گاہیں تباہ کی گئیں ۔ جبکہ اس دوران 253ٹن دھماکہ خیز مواد بھی بر آمد ہو ا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مجموعی طور پر 9ہزار انٹیلی جنس آپریشنز کئے گئے جبکہ ہزاروں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کو ہلا ک کیاگیا ۔شہروں میں 218خطرناک دہشتگرد بھی مارے گئے ۔

آپریشن میں پاک فوج کے 347افسروں اور جواں ونے جام شہادت نوش کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق صرف شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے ایچ ایم جی ، ایل ایم جی ، سنائپرز ، رائفلوں ، راکٹوں ، لانچرز سمیت ، اے کے 47 سمیت 18087ہتھیار بر آمدہوئے ۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ پوری قو م ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اکٹھی ہوئی اور سول سوسائٹی اس عفریت کو ختم کرنے میں مدد کیلئے اہم کردار اداکررہی ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملک کو دہشتگردوں سے مکمل پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا ۔ آپریشن کے اثرات سے ماحول انتہائی بہتر ہواچین کے صدر اور دیگر کئی اہم شخصیات نے پاکستان کا دورہ کیا۔ کامیابی سے پاک زمبابوے کرکٹ سیریز کھیلی گئی جبکہ خطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ چین پاک اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع ہوا۔