کراچی، قرآن کی رہنمائی کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی لائیں گے، محمد اسلام

ہفتہ 13 جون 2015 16:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت مورخہ 9جون تا 16 جون دعوت قرآن مہم شروع کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے کارکنان حلقہ اور مساجد کی سطح پر قرآن کا پیغام، قرآن کی دعوت لے کر لوگوں سے رابطہ کررہے ہیں۔ اور درس قرآن کے پروگرامات منعقد کئے جارہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام نے اس سلسلے میں ضلعی اور زونل سطح کے ذمہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اصلاً ایک دینی اور نظریاتی جماعت ہے۔

(جاری ہے)

اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام ہمارا مقصود اور ہماری جدوجہد کا محور ومرکز ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قرآن کی دعوت ہی کے ذریعے معاشرے میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ قرآن ہر دور کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ جماعت اسلامی کی دعوت قرآن مہم معاشرے میں تبدیلی کا باعث بنے گی اور قرآن کی دعوت کے ذریعے ہم شہر میں اخوت اور محبت کا پیغام عام کریں گے۔ قرآن نسخہ کیمیاء ہے اور قرآن لوگوں کے دلوں کو تبدیل کردیتا ہے۔ قرآن کو ہم رہنما اور امام بناکر ہم دنیا کے مسائل حل کرسکتے ہیں۔ قرآن کی رہنمائی کے ذریعے ہم معاشرے میں انقلاب برپا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :