جموں کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے، مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، مختار احمد وازہ

ہفتہ 13 جون 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) چیئرمین جموں وکشمیر پیپلز لیگ مختا ر احمد وازہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے ،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے علاقے سلیگام میں ایک اجتماع سے خطا ب کر تے ہوئے مختار احمد وازہ نے کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر کے باعث جنوبی ایشیا کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہی ہے اور اسی تنازعے کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان متعدد جنگیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ دنوں ملکوں کو چاہیے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا ایک ایسا حل تلاش کریں جو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہو۔ مختار احمد وازہ نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 67برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔