پیپلز پارٹی کا چار سالہ دور حکومت تعمیر وترقی، عوامی مسائل کے حل کے اعتبار سے آزاد خطے کی سیاسی تاریخ کا سب سے سنہری دور رہا ہے، مرتضیٰ درانی

عام آدمی کامعیارِزندگی بلند،سیاسی اُفق پر رواداری ، مساوات ، تحمل ، بردباری ،صبرواستقامت کی نئی مثالیں قائم ہوئیں ، مشیر اطلاعات آزاد کشمیر حکومت

ہفتہ 13 جون 2015 15:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) مشیرحکومت برائے اطلاعات مرتضی ٰ درانی نے کہاہے کہ آزادکشمیرمیں چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی کا4سالہ دورِ حکومت تعمیروترقی اورعوامی مسائل کے حل کے اعتبار سے آزادخطے کی سیاسی تاریخ کاسب سے سنہری دوررہاہے جس میں عام آدمی کامعیارِزندگی بلندہوااورسیاسی اُفق پر رواداری ، مساوات ، تحمل ، بردباری اورصبرواستقامت کی نئی مثالیں قائم ہوئیں ۔

یہاں مظفرآباد میں صحافیوں کوانٹرویودیتے اُنہوں نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے نہایت مشکلات اورنامساعدحالات میں اپنوں اورغیروں کی سازشوں اورریشہ دوانیوں کے باوجود کامیابی کے ساتھ بطوروزیراعظم اپنے 4سال مکمل کئے اورصبرواستقامت کے ساتھ ہرسطح پر عوامی نمائندگی کی درخشندہ وتابندہ روایات قائم کیں جو اُنہی کاطرہ ء امتیاز بھی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہاکہ بعض موقعوں پر وزیراعظم کیخلاف ایسے حالات بھی پیداہوئے کہ اگر چودھری مجید کی جگہ کوئی اوروزیراعظم ہوتاتو اِن حالات کامقابلہ نہ کرسکتااورپورے نظام کی بساط ہی لپیٹ دیتالیکن چوہدری عبدالمجید کو اِس بات کاکریڈٹ نہ دینازیادتی ہوگی کہ اُنہوں نے نہایت ناموافق حالات کابھی نہایت خندہ پیشانی اورجوانمردی کے ساتھ مقابلہ کیااورکسی کیخلاف حرف شکایت تک زباں پر نہ لایا۔

یہ الگ بات ہے کہ ہماری کچھ کوتاہیوں اورغفلتوں کی وجہ سے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی شخصیت کے کچھ قابل رشک پہلواوربطور وزیراعظم اُن کے کچھ کارہائے نمایاں میڈیامیں اُس طرح سے نمایاں نہ ہوسکے جس کاوہ استحقاق رکھتے تھے جس کی وجہ سے وہ عوامل عوام کی نظروں سے اوجھل رہے تاہم جاننے والے جانتے ہیں کہ یہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کاہی اعزاز ہے کہ اُن کے دورحکومت میں بیروزگاری کے عفریت کے سامنے بندباندھاگیااور15000سے زائد نوجوانوں کو سرکاری محکمہ جات میں خالصتاًمیرٹ کی بنیاد پر پسندوناپسند اورکسی بھی تخصیص کے بغیر ملازمتیں دی گئیں اوریونیورسٹیوں ، میڈیکل کالجز او رکالجز کاجال بچھاکرتعلیمی دنیامیں ایک انقلاب کی بنیاد رکھی گئی ۔

کئی بڑے ترقیاتی منصوبے جن میں ریاست بھر کے طول وعرض میں پھیلی بڑی بڑی شاہرات پایئہ تکمیل کو پہنچیں او ر دیگربڑے میگاپراجیکٹس کاآغاز ہوا۔اُنہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے حق میں سب سے بڑاکریڈٹ جو جاتاہے وہ یہ ہے کہ اُنہوں نے اپنی انااورذاتی مفاد کی قربانی دی اورپارلیمانی نظام کو بچانے میں اہم کرداراداکیا۔وزیراعظم اگر صبروتحمل اوربردباری کامظاہرہ نہ کرتے تو آج جمہوری تسلسل جو ہمیں یہاں دکھائی دیتاہے یہ ہمیں اِس شکل میں نظرنہ آتا۔

وزیراعظم کیخلاف آج وہ لوگ بھی باتیں کرتے نہیں تھکتے جو خود اِس نظام کی ہی پیداوارہیں اوراُس کی فیوض وبرکات سے استفادہ بھی کرتے ہیں۔بدقسمتی سے ہماراجمہوری نظام کئی طرح کے خطرات کی لپیٹ میں ہے ۔ پسندوناپسند ، سیاسی بلیک میلنگ ، مخالفت برائے مخالفت اوربغض ِ معاویہ کاشکارہوکرتنقیدبرائے تنقیداور”میں نہ مانوں“کی رٹ جیسے منفی عوامل اِس نظام کے چہرے کوگہناچکے ہیں جس کی وجہ سے یہ پیشن گوئی کی جاسکتی ہے کہ آنے والاوقت جمہوری نظام کیلئے شدید خطرات کاپیغام لائے گااورجمہوری نظام کی بقاء کاراستہ کٹھن اوردشوارگذارہوجائے گا۔

اُنہوں نے مذید کہاکہ ایک وقت ایسابھی آچکاتھاکہ جب وزیراعظم کے پاس ایک سے زائد آپشنز موجودتھے لیکن اُنہوں نے ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دی ۔ وہ اسمبلی توڑ کرسب کوگھر بھی بھجواسکتے تھے لیکن اُنہوں نے اپنے کرداروعمل سے یہ بات ثابت کی کہ وہ صحیح معنوں میں ایک سیاسی رہنما ہیں جس کااصل ورثہ سیاسی بصیرت ، دوراندیشی ، صبروتحمل اورثابت قدمی ہواکرتاہے ۔

”اپنے بھی خفامجھ سے اوربیگانے بھی ناخوش “کے مصداق وزیراعظم نے ہرطرف سے برسائے جانے والے تیراپنے سینے پر سہے اورکسی سے انتقام نہیں لیا۔آزادکشمیرکایہ اپنی نوعیت کاوہ واحد دورحکومت ہے جس میں کسی بھی پیمانے پر کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوئی اورنہ ہی آج ریاست بھر میں کوئی سیاسی قیدی ہے ۔ وزیراعظم اگر چاہتے تو وہ سب ک اکچھاچٹھاکھول سکتے تھے اورآج وہ لوگ جو وزیراعظم کیخلاف زبانیں درازکئے ہوء ے ہیں وہ منہ چھپاتے پھرتے لیکں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اعلے ٰ ظرفی ، وسیع القلبی اوروسیع النظری کابے مثا ل مظاہرہ کیااورنظام کو فوقیت دی۔

اُنہوں نے کہاکہ آزادخطے میں کامیابی کے ساتھ حکومت کے چارسال پورے کرنے اورتعمیروترقی کاانقلاب برپاکرنے میں جہاں محترمہ فریال تالپور کی قابل قدرمشاورت شامل حال رہی وہاں آزادخطے میں سیاسی عمل کے تسلسل اورحکومتی کامیابیوں کے پیچھے صدرریاست سردارمحمدیعقوب اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل چودھری لطیف اکبرکے قیمتی مشورے اورتعاون بھی ناقابل فراموش ہے ۔

اُنہوں نے مذید کہاکہ کشمیر کے مسئلے پر جس قدرمتحرک اورفعال کردارچوہدری عبدالمجید کے موجودہ دورحکومت میں ہوا،ماضی میں اُس کی مثال نہیں ملتی ۔سیاسی ومذہبی ہم آہنگی اورکشمیر کازکواجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکیااورسیاسی رواداری کی وہ مثال قائم کی جس کی ماضی میں کوئی نظیرنہیں ملتی ۔

اُنہوں نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدکایہ چارسالہ دورحکومت پارٹی صفوں کی مضبوطی اورنظریاتی اوردیرینہ کارکنوں کی عزت نفس کی بحالی اوراُن کی سیاسی شناخت کے اعتبار سے بھی اہم رہاجس میں بڑی تعداد میں سیاسی کارکنوں کی ایڈجسٹمنٹس عمل میںآ ئیں اوراُنہیں اُن کاجائز اورباعزت مقام دیاگیا۔اُنہوں نے مذٰیدکہاکہ آج پیش ہونے والاآزادحکومت کابجٹ عوام دوست اورمثالی ہوگاجس کے عوام کی فلاح وبہبود پر نہایت مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :