وزیراعظم پاکستان کی وڈیرانہ سوچ افسوسناک ہے ‘انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ 18کروڑ ..
تازہ ترین : 1

وزیراعظم پاکستان کی وڈیرانہ سوچ افسوسناک ہے ‘انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ 18کروڑ عوام جن میں غریب‘ محنت کش ‘ مزدور‘ ہاری ‘ چھوٹے ملازمین شامل ہیں کی حیثیت ان کی نظر میں مکھی سے زیادہ نہیں

ایم کیو ایم آزادکشمیر کا وزیر اعظم نواز شریف کے عوام کو مکھی سے تشبیہ دینے پر شدید احتجاج

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) عوام کو مکھی سے تشبیہ دینے پر ایم کیو ایم آزادکشمیر کا شدید احتجاج‘ وزیراعظم پاکستان کی وڈیرانہ سوچ افسوسناک ہے ‘انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ 18کروڑ عوام جن میں غریب‘ محنت کش ‘ مزدور‘ ہاری ‘ چھوٹے ملازمین شامل ہیں کی حیثیت ان کی نظر میں مکھی سے زیادہ نہیں ‘ ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھرنے کہاکہ عوام کو مکھی اور مچھرسے تشبیہ دیناوڈیرانہ سوچ کا عکاس ہے‘ وزیراعظم یہ مت بھولیں کہ وہ انہیں عوام کے ووٹوں سے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں اور بادشاہ بنے پھرتے ہیں‘وہ وقت یاد رکھیں جب وہ روتے ہوئے تھانوں اور جیلوں میں تاریخیں بھگتے تھے اورانہی غریب جنہیں وہ مکھی کہتے ہیں نے انہیں جیل اور جلا وطنی سے نکال کر ملک کا وزیراعظم بنایا‘ ان کی یہ سوچ ملک کے اٹھارہ کروڑ غریب عوام کی توہین ہے - کارکنوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ہڑتالوں کاکوئی شوق نہیں اورکوئی بھی خوشی سے احتجاج اورہڑتال نہیں کرتا۔

اگرپولیس، رینجرزاور دیگر سرکاری ایجنسیوں کے اہلکار ایم کیوایم کے معصوم وبے گناہ کارکنوں کوگرفتارکریں اورانہیں عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے سرکاری حراست میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنائیں اورتشددکرکے ماردیں، اس کھلے ظلم پر نہ پولیس ،رینجرزاوراداروں کے حکام سنیں، نہ صوبائی حکومت انصاف فراہم کرے نہ ہی وفاقی حکومت اس کانوٹس لے تو ایم کیوایم کے پاس اپنے بے گناہ کارکنوں اورہمدردوں کے ماورائے عدالت قتل پرپرامن احتجاج یاہڑتال کرنے کے سوااورکیاچارہ رہ جاتاہے ؟ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ امرافسوسناک ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ایک جانب تو مظلوموں کی دہائیاں سننے کیلئے تیارنہیں ہیں اورجب ماورائے عدالت قتل پر احتجاج ہوتو وزیراعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ ” کراچی میں مکھی بھی مرجائے تواحتجاج اورہڑتال کی جاتی ہے “ ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کے یہ خیالات نہ صرف سراسر افسوسناک ہیں بلکہ ماورائے عدالت قتل کئے جانے والے معصوم وبے گناہ افرادکے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم کی نظرمیں کراچی کے معصوم شہری انسان نہیں بلکہ مکھی ہیں ؟

وقت اشاعت : 13/06/2015 - 15:14:53

اپنی رائے کا اظہار کریں