سوپور میں ایک اور حریت کارکن کو قتل کردیا گیا ، سید علی گیلانی کی شدید مذمت

خورشید احمد بٹ شہید تحریک آزادی کے سچے ہمدرد تھے، فورم ترجمان

ہفتہ 13 جون 2015 14:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم مسلح افراد نے سوپور میں خورشید احمد بٹ نامی ایک اور آزادی پسند کارکن کو قتل کر دیا ۔اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے خورشید احمد بٹ کو سوپور کے علاقے بومئی میں ان کے گھر کے باہر گولیاں ما ر دیں جس سے وہ شدید زخمی ہوئے ۔ خورشید کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سوپور پہنچا یا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیدیا۔

(جاری ہے)

خورشید احمد کو تحریک آزادی کیساتھ وابستگی کی پاداش میں حال ہی میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ شہید کی اپنے علاقے میں ایک دکان تھی اور وہ بومئی ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر بھی تھے۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے خورشید احمد کے قتل کی سخت مذمت کی ہے۔ فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ شہید تحریک آزادی کے ایک سچے ہمدرد تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران سوپور میں دو آزادی پسند کارکنوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ خورشید سے پہلے تحریک حریت جموں وکشمیر کے کارکن الطاف احمد شیخ کو مسلح بھارتی ایجنٹوں نے سوپور کے علاقے نیو کالونی میں منگل کو قتل کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :