تمام تر وسائل بروئے کار لا کر ماہ رمضان میں عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا‘ حفیظ احمد اولکھ

ہفتہ 13 جون 2015 14:33

اٹک ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) حکومت پنجاب تمام تر وسائل بروئے کار لا کر ماہ رمضان کی دوران عوام کی حفاظت یقینی بنانے کا عزم کیے ہوئے ہے‘ برکتوں کے اس مہینے کا احترام ہر مسلمان پر فرض ہے اس مہینے میں گنہگاروں کی بخشش ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس ڈی پی او صدر سرکل حفیط احمد اولکھ نے استقبالی رمضان کے حوالے سے شہر کی چھوٹی بڑی مساجد کے خطیب علماء کرام و منتظمین سے ایک اجلاس کے دوران کیا۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی اٹک حاجی محمد خان بھی موجود تھے۔ ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ نے کہا کہ رمضان کے دوران پولیس تمام مساجد کی حفاظت کو یقینی بنائے گی تا کہ شیطانیت کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔ انہوں نے مساجد کے منتظمین پر زور دیا کہ مساجد کا داخلی اور خارجی ایک ہی دروازہ رکھا جائے اور ہمارے پولیس اہلکار کے ساتھ ہر مسجد کی تنظیم کا ایک رضا کار تلاشی کے لیے ساتھ رہے کیوں کہ روزمرہ کی عبادت میں آنے والے لوگوں کی یہ رضاکار زیادہ شناخت رکھتے ہیں جبکہ لاؤڈ سپیکرز کے استعمال کی ذمہ داری بھی منتظمین پر عائد ہو گی اور ہم آپ ہی کے تعاون سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ علم اور دینی تعلیم میں ہم سے بہتر ہیں لہذا قانون کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں پولیس اہلکار دن رات ایک کر کے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں اور نماز و تراویح میں روزہ کھولنے کے اوقات و سحری کے اوقات میں سستے بازاروں میں دسترخوانوں پر ہر جگہ آپ پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کریں جس پر تمام منتظمین مساجد نے ڈی ایس پی کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔