گوروارجن دیو جی کے 409ویں شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے650 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

ہفتہ 13 جون 2015 14:25

گوروارجن دیو جی کے 409ویں شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے650 سکھ یاتری ..

لاہور ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) چھ سو پچاس سکھ یاتری گوروارجن دیو جی کے 409ویں شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے ہفتہ کے روز پاکستان پہنچ گئے۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق اور ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز خالد علی کے علاوہ دیگر اعلی عہدیداروں نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمدصدیق الفاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ قومیت نانک شاہی کیلنڈر پر متفق ہو گئے تھے جبکہ بعض سکھ برادری میں نانک شاہی پر اختلاف پایا جاتا ہے۔انہوں نے تمام سکھ برادری کو نانک شاہی کیلنڈ ر پرمل بیٹھ کر اتفاق رائے حاصل کرنے کے لئے دعوت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات سمیت ان کے قیام و طعام کا بہترین بندوبست کیا گیا ہے تاکہ مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ سکھ یاتریوں کو مکمل وی آئی پی سہولیات دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سکھ یاتری گذشتہ روز ننکانہ صاحب روانہ ہو ئے جہاں انہوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔انہوں نے کہاکہ سکھ یاتری آج بروز اتوارفاروق آباد اور حسن ابدال روانہ ہوں گے‘15 جون کوسکھ یاتری ڈیرہ صاحب لاہور واپس آئیں گے جہاں 16 جون کو لاہور ڈیرہ صاحب میں گوروارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہاں ایک دن قیام کے بعد سکھ یاتری 18جون کو واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔

اس موقع پر دھلی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق چیئرمین ترلوچن سنگھ نے کہاکہ ہمیں پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم یہاں پر امن و محبت بھائی چارے اور دوستی کا پیغام لیکر آئے ہیں۔ پاکستان پہنچنے پر چیئرمین بور ڈ صدیق الفاروق اور دیگر افراد نے جس طرح ہمارا استقبال کر کے ہمیں عزت دی ہے وہ ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ پاکستانی قوم نے جس طرح ہمارے ساتھ محبت کا اظہار کیا ہے وہ نا قابل فراموش ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سکھ رہنماؤں کو اپنے مقدس مقامات پر آنے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم امن چاہتے ہیں‘ بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کے ذریعے آپس کے تمام معاملات کو حل کرنا چاہیے اور اختلافات دور کر کے ایک دوسرے سے دوستی کے رشتے کو مضبوط کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :