امریکہ: ایوان نمائندگان نے ٹریڈ اتھارٹی بِل مسترد کر دیا

ہفتہ 13 جون 2015 14:20

واشنگٹن۔13جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) امریکی ایوان نمائندگان نے ٹریڈ اتھارٹی بِل مسترد کر دیا۔امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان نے صدر براک اوباما انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ ایشیا-پیسیفک تجارتی معاہدے سے متعلق بِل کی اہم شقوں کو مسترد کردیا ہے۔گزشتہ روز ایوانِ نمائندگان نے اوباما انتظامیہ کی جانب سے بِل میں تجویزکردہ اس منصوبے کو بھاری اکثریت سے مسترد کردیا جس کا مقصد ایشیائی ممالک کے ساتھ امریکہ کے تجارتی معاہدوں کے نتیجے میں بے روزگار ہونے والے امریکیوں کو مالی مدد فراہم کرنا تھا۔

ایوان کے ڈیمو کریٹ اور ری پبلکن دونوں جماعتوں کے ارکان کی اکثریت نے مجوزہ منصوبے کی مخالفت کی۔ بِل کی مخالفت میں 302 ووٹ آئے جب کہ ایوان کے صرف 126 ارکان نے اس کی حمایت میں ووٹ دیا۔

(جاری ہے)

تاہم ایوان نے مجوزہ تجارتی معاہدے پر دیگر ملکوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے قائم کی جانے والی اتھارٹی کی مدت میں توسیع کا قانون معمولی اکثریت سے منظور کرلیا۔ بِل کی حمایت کرنے والے ایوان کے ایک ری پبلکن رکن نے کہا ہے کہ پارٹی رہنما رد کی جانے والی شقیں منگل کو ایوان سے دوبارہ منظور کرانے کے لیے ارکان کو آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اگر ری پبلکن ارکان کی کوششیں کامیاب رہیں تو صدر اوباما 'ٹریڈ پروموشن اتھارٹی' کے مکمل بِل پر دستخط کردیں گے جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔