پیپلزپارٹی کا اعلی سطحی اجلاس پرسوں اسلام آباد میں ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری مشترکہ صدارت کریں گے

ہفتہ 13 جون 2015 14:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کا اعلی سطح کا اجلاس پرسوں پیر کو چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت اسلام آباد میں زرداری ہاؤس میں ہو گا اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی ، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن اور فاٹا کے حوالے سے صلاح مشورہ کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کو منظم ، فعال اور متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ابتداء فاٹا سے کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اجلاس پیر کو اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے اجلاس میں پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت ، مرکزی عہدیدار اور فاٹا کے پارٹی ارکان شرکت کریں گے ۔ فاٹا سے آصف علی زرداری کے ایڈوائزر اخونزادہ چٹان خصوصی طور پر شریک ہوں گے اور فاٹا میں تنظیم سازی کے حوالے سے خصوصی تجاویز پیش کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ایک طویل عرصہ کے بعد اسلام آباد آ رہے ہیں جس کا مقصد پارٹی کو ازسرنو فعال اور متحرک کرنا ہے ۔ اجلاس میں اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ہونے والی دھاندلیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے گی