مسئلہ کشمیر کے باعث جنوبی ایشیا کا امن داؤ پر لگا ہو ا ہے،مختار وازہ

ہفتہ 13 جون 2015 14:03

سرینگر ۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختا ر احمد وازہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے ۔ انہوں کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے علاقے سلیگام میں ایک اجتماع سے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر کے باعث جنوبی ایشیا کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہی ہے اور اسی تنازعے کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان متعدد جنگیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ دنوں ملکوں کو چاہیے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا ایک ایسا حل تلاش کریں جو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہو۔ مختار احمد وازہ نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 67برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارتی چیرہ دستیوں کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔