پاکستان سپر لیگ یو اے ای کے دوبئی میں ہونے کا امکان

ہفتہ 13 جون 2015 13:42

پاکستان سپر لیگ یو اے ای کے دوبئی میں ہونے کا امکان

لاہور/دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے دورہ پاکستان کے بعد اگرچہ امید ظاہر کی تھی کہ دوسری ٹیموں کے پاکستان آنے کی راہیں ہموار ہوگئیں تاہم اصل صورتحال نے خود پی سی بی کو بھی حقیقت پسندی سے کام لینے پر مجبور کردیا ہے اور برائے نام پاکستان کی سپر لیگ یو اے ای میں کرانے کی تیاری شروع کی جاچکی ہے۔

اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ بورڈ نے اس نوعیت کے ایونٹس کرانے میں خاص شہرت رکھنے والی فرم کی خدمات حاصل کرلیں ہیں۔ پاکستان کرکٹ حکام کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ 5 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کروائیں جس کے بعد پی سی بی کی کوشش ہوگی کہ آئندہ برس فروری میں ایونٹ منعقد کروایا جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا منصوبہ2 بار پہلے بھی التوا کا شکار ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ کی تجویز اس وقت آئی تھی جب پی سی بی کی باگ ڈور ذکا اشرف کے ہاتھ میں تھی۔ بعدازاں نجم سیٹھی کے دور میں بھی کوئی خاص پیش رفت نہ ہوسکی اور اب ایک بار پھر اس لیگ کی منصوبہ بندی شروع کردی گئی ہے۔بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ کنسلٹنٹ کمپنی نے مشورہ دیا ہے کہ اس ٹی ٹوئنٹی لیگ کو ابھی 5 ٹیموں تک محدود رکھاجائے اور آزمائشی نوعیت کا ہونے کے سبب یو اے ای میں انعقاد کیا جائے۔

اس لیگ کیلئے آئندہ برس فروری کا وقت منتخب کرنے کی وجہ فروری میں3 ہفتے کی فراغت ہے۔ پاکستانی ٹیم، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز اور بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے درمیان فروری میں3ہفتے کیلئے فارغ ہوگی۔مجوزہ فارمیٹ میں ڈبل لیگ کی بنیاد پر مقابلوں کے بعد ٹاپ 2 ٹیموں کے درمیان فائنل ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یو اے ای میں لیگ کرانے کا فیصلہ خود پاکستان کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے کیونکہ زمبابوے کی ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے باووجد بھی یو اے ای میں سیریز کروانے کا مطلب یہ ہے کہ پی سی بی کو اپنے ملک کے سیکیورٹی اداروں پر اعتماد نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :