Live Updates

فیصل آباد، رمضان المبارک کے دوران ہرٹاؤن میں دو دو دسترخوان لگانے کا فیصلہ

ہفتہ 13 جون 2015 13:15

فیصل آباد ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) رمضان المبارک کے دوران فیصل آباد کے اقبال ٹاؤن ، لائلپورٹاؤن، مدینہ ٹاؤن ، جناح ٹاؤن سمیت ہرٹاؤن میں دو دو دسترخوان لگانے کا فیصلہ کیاگیاہے جبکہ تمام ٹاؤنز میں دسترخوانوں کے اہتمام کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں نیز مخیر حضرات اور صاحب ثروت افراد کے تعاون سے سحر وافطار کے اوقات میں لگائے جانیوالے مذکورہ دسترخوانوں سے بڑی تعداد میں غریب اور مستحق افراد مستفید ہوسکیں گے۔

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں کمشنر و ڈی سی او فیصل آبادکی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد کے چاروں ٹاؤنز میں ضلعی انتظامی حکام کی زیر سرپرستی مجموعی طور پر آٹھ دسترخوان لگائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ان دستر خوانوں پر بہترین معیار کی سحری و افطاری کاانتظام ہوگا اس لئے ایسے غریب ، نادار ، مفلس ، بے سہارا، مستحق افراد جو اپنی گرہ سے ماہ صیام کے دوران روزہ رکھنے یاافطار کرنے کی استطاعت نہ رکھتے ہوں وہ بلاجھجک و بلاامتیاز ان دستر خوانوں کے ذریعے سحری وافطاری کرسکیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ اگر صاحب ثروت افراد اور مخیرحضرات دل کھول کرتعاون کریں تو ان عوامی دستر خوانوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیاجاسکتاہے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :