راول پنڈی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچہ جاں بحق

ہفتہ 13 جون 2015 13:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء )ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال راولپنڈی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے بچہ جاں بحق ہو گیا۔ لواحقین نے لاش فوارہ چوک پر رکھ کر احتجاج کیا اور ڈاکٹروں کے خلاف مقدے کے لیے درخواست بھی دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال راولپنڈی میں 3 روز پہلے شوکت نامی شخص کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی۔

(جاری ہے)

لواحقین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بچے کی حالت خراب ہونے پر ڈاکٹر کو کئی بار بلایا۔ لیکن چیک اپ نہ کرنے کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔ بچے کے باپ نے پیٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی جسے راہ گیروں نے بچا لیا۔لواحقین نے بچے کی لاش فوارہ چوک پر رکھ کر ا حتجاج کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کی جانب سے تھانہ گنج منڈی میں ڈاکٹرز کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست موصول ہو گئی ہے، جس پر تفتیش جاری ہے۔ درخواست میں اسپتال کے ایم ایس خالد رندھاوا کو نامزد کیا گیا ہے۔