ملکی سلامتی کی خاطر نواز شریف وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہوں،الطاف حسین

ہفتہ 13 جون 2015 13:06

کراچی ،لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے وزیر اعظم نواز شریف سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے ،وزیر اعظم نے کراچی آپریشن کا کپتان وزیراعلیٰ سندھ کو بنایا تھا گورنر کو نہیں ،نوازشریف کو دوست کہنا میری غلطی ہے،کارکنوں سے کہتا ہوں پولیس اور رینجرز سے مزاحمت نہ کریں اور خاموشی کے ساتھ اپنے کام پر توجہ دیں۔

ہفتے کے روز الطاف حسین نے لندن سے نائن زیرو پر کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو انکے حقوق دلانے کے لئے دن رات محنت کی اور عوام اور کارکنوں کو بتایا کہ حکومت کیا ہوتی ہے کارکنوں کو سخت محنت کرنا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس سے مار کھانے سے بہتر ہے کارکن خاموش رہیں اور اپنے کام پر توجہ دیں فریادیں کرنے اور دوہائیاں دینے سے کچھ نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ملکی سلامتی چاہتے ہیں تو فوری طور پر وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں ، وزیر اعظم کل گورنر عشرت العباد کو ہڑتال ختم کروانے کا کہتے رہے ہیں لیکن وزیر اعظم کو یاد کرانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے کراچی آپریشن کا کپتان وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بنایا تھا گورنر کونہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو دوست کہنا میری غلطی ہے۔الطاف حسین نے مزید کہا کہ میں نے قیادت نہ چھوڑنے کی بات کی تھی اس کا مطلب یہ نہیں کہ کارکن کام چھوڑ کر گھر بیٹھ جائیں اور میں اکیلا کام کرتا رہوں میرے جیسے دیوانے نے 37 سال لوگوں کی خدمت کی ہے

متعلقہ عنوان :