مسلمانوں میں بے اتفاقی دشمن کی سازش ہے، خاتمے کیلئے خود ہی اقدامات کرنا ہونگے، الشیخ محمد سلیم

ہفتہ 13 جون 2015 12:26

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور ممتازفلسطینی عالم دین الشیخ محمد سلیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ فلسطینیوں کے درمیان پائے جانیوالے سیاسی، عائلی، سماجی اورطبقاتی فرق کو مٹانے ،قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق الشیخ محمد سلیم نے مسجد اقصیٰ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کے مختلف طبقات کو ماہ صیام کے استقبال کے موقع پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرقسم کے اختلافات کو ختم کرنا چاہیے اور صہیونی دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

فلسطینی قوم میں مختلف سیاسی نوعیت کے اختلافات کے خاتمے کیلئے ماہ صیام کے بابرکت ایام کو استعمال کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صرف فلسطینیوں نے نہیں بلکہ پوری مسلم امہ میں رمضان المبارک کامہینا ملی یکجہتی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام بالخصوص مسلمانان فلسطین کو جس خطرناک دشمن کا سامنا ہے اس کا مقابلہ کرنے کیلئے انہیں اپنی صفوں میں لامحالہ اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ مسلمانوں کے درمیان فاصلے اور بے اتفاقی دشمن کی سازشیں ہیں۔ مسلمانوں کو اپنی صفوں میں ان سازشوں کے خاتمے کیلئے خود ہی اقدامات کرنا ہوں گے۔