رینجرز رپورٹ سے تاثر دیا جا رہا ہے کہ تمام جرائم کے پیچھے ایم کیوایم ہے، ہم پر 25 سال سے الزامات لگائے جارہے ہیں جنہیں آج تک عدالتوں میں ثابت نہیں کیا گیا، فطرے اور قربانی کی کھالوں کی جبری وصولی کا اشارہ اگر ایم کیو ایم کی طرف ہے ، تو ہم اسے مسترد کرتے ہیں،حکمران اس تاثر کو زائل کرنے میں ہماری مدد کریں،ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس

جمعہ 12 جون 2015 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جون۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کی جانے والی رینجرزکی رپورٹ میں کہیں بھی ایم کیوایم کا ذکر نہیں کیا گیا، رپورٹ سے تاثر دیا جارہا ہے کہ تمام جرائم کے پیچھے ایم کیو ایم ہے،فطرے اور قربانی کی کھالوں کی جبری وصولی کا اشارہ اگر ایم کیو ایم کی طرف ہے ، تو ہم اسے مسترد کرتے ہیں،حکمران اس تاثر کو زائل کرنے میں ہماری مدد کریں۔

جمعہ کو یہاں ایم کیو ایم کے مرکز عزیز آباد پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے یوم تاسیس کے موقع پر اپیکس کمیٹی کی ایک ہفتے پرانی رپورٹ میڈیا میں پیش کی گئی جس کے آتے ہی ہماری جماعت کا میڈیا ٹرائل شروع کردیا گیا جب کہ رپورٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں اور مذہبی جماعتوں پر الزامات لگائے گئے ہیں لیکن تاثر یہ دیا جارہا ہے کہ تمام جرائم کے پیچھے ایم کیو ایم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز کی رپورٹ میں کہیں بھی ایم کیوایم کا نام شامل نہیں، ہم پر 25 سال سے الزامات لگائے جارہے ہیں جنہیں آج تک عدالتوں میں ثابت نہیں کیا گیا جب کہ عدالتوں نے بھی ان الزامات کو مسترد کردیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے قربانی کی کھالیں زبردستی چھیننے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپیکس کمیٹی کی رپورٹ سے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق کی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ ہمارے مینڈیٹ کو بھی ٹھپوں سے منسوب کیا گیا اور این اے 246 کے ضمنی انتخاب سے قبل ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا جس کے باوجود کراچی کی عوام نے ایم کیو ایم کو منتخب کیا۔

واضح رہے گزشتہ روز رینجرز نے سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز کی تفصیلی بریفنگ جاری کی تھی جس میں کہا گیا کہ کراچی سے سالانہ 230 ارب روپے کی ناجائز کمائی ہوتی ہے۔