لیگی چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی نتائج تبدیل کردئیے ،انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھا جائے گا، مقپون ہاوٴس ”ڈی چوک میں تبدیل“،گونوازگو کے نعرے

جمعہ 12 جون 2015 22:59

سکردو( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے الزام عایدکیاہے کہ انتخابی نتائج لیگی چیف الیکشن کمشنر نے تبدیل کردئیے ،انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھا جائے گا، مقپون ہاوٴس ”ڈی چوک میں تبدیل“،گونوازگو کے نعرے لگائے ۔جی بی ایل اے سات سکردوایک میں انتخابی نتائج تبدیل کرنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے مقپون ہاوٴس کو ڈی چوک میں تبدیل کردیا جہاں احتجاجی مظاہرے کا آغاز کردیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ذکریامقپون نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو جس مشن کیلئے تعینات کیاتھا ۔اس نے پورا کردکھایا اور حکومتی مشینری کااستعمال کرتے ہوئے لیگی امیدوار کو کامیاب کرکے اپنی نوکری اوروفاداری ثابت کردی ہے انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر نے عوامی مینڈیٹ چوری کرکے انچن کی قوم کی توہین کی ہے جس کو ہم کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم علاقے میں امن قائم رکھنے کیلئے صبروتحمل کامظاہرہ کررہے ہیں لیکن انصاف کے لئے سٹرکوں پر دھرنا دینا پڑے تو بھی دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے اتوار کو مقپون ہاوٴس سے احتجاجی تحریک کااعلان کردیا ۔اس موقع پر گونواز گو اورچیف الیکشن کمشنر مردہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی ۔