مودی جیسا گیڈر شیر بننے کی کوشش نہ کرے‘ پاکستانی قوم بھارتی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے متحد ہے‘ ریاض شاہ

جمعہ 12 جون 2015 22:25

لاہور اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ مودی جیسا گیڈر شیر بننے کی کوشش نہ کرے۔پاکستانی قوم بھارتی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے متحد اور پر عزم ہے۔بھارت کے جنگ باز حکمران ہوش کے ناخن لیں اور جنگی جنون کو ہوا نہ دیں۔خطے کے امن کیلئے مودی موذی بن چکا ہے۔

عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔بھارت جذبہ جہاداور شوق شہادت سے سرشارپاکستانی قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

حکومت اے پی سی بلاکر بھارتی دھمکیوں پر قومی حکمت عملی طے کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ مسلمان ممالک اپنے سفیروں کو برما سے واپس بلا لیں تاکہ سفارتی سفارتی بائیکاٹ کے ذریعے برما حکومت کو روہنگیا مسلمانوں کے مسئلہ حل کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ قوم کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے۔ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج بے مثال قربانیاں دے رہی ہے۔اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے بھارتی حکمرانوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔