سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا

جمعہ 12 جون 2015 22:24

لاہور اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا گیااس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں برما کے مسلمانوں پر ہو نیوالے انسانیت سوز مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علماء نے روہنگیا کے مسلمانوں کی حالت زار کوخطبات جمعہ کا موضوع بنایا جبکہ نماز جمعہ کے بعد برمی مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔

اس سلسلہ میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ محمد حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برما کے مظلوم مسلم حکمرانوں کی طرف امید بھری نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔مسلمان ممالک برمی مسلمانوں کا سہا را بنیں ۔

(جاری ہے)

برما میں مسلمانوں پر ہو نیوالے انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ہے۔مسلمان ممالک برما کا سفارتی و اقتصادی بائیکاٹ کریں۔

برمی مسلمان جرم بے گناہی کی سزابھگت رہے ہیں۔سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو کسی محمد بن قاسم کا انتظار ہے۔پاکستانی حکومت برمی مسلمانوں کی عملی مدد کیلئے عالمی برادری سے رابطہ کرے۔سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما کے بے وطن مسلمان دنیا کی توجہ کے مستحق ہیں۔

برما میں اب تک 20ہزار روہنگیا مسلمان ہلاک اور 500بستیاں نذر آتش کی جا چکی ہیں۔سنی اتحاد کونسل پنجاب کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے منڈی بہاؤ الدین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمان دنیا کی مظلوم ترین اقلیت بن چکے ہیں۔ برمی مسلمان عالمی بے حسی کا شکار ہیں۔سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین سید جو اد الحسن کاظمی نے واہ کینٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برمی مسلمانوں کی بے بسی اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا ہو چکی ہے۔

مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و ستم کے خلاف انسانی حقوق کے دعویدار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔برمی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منائے گئے دن کے موقع پر فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا ، سمندری میں علامہ پیر حامد سرفراز ، گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی ، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی ، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا ، پشاور میں مولانا فضل جمیل رضو ی نے اجتماعات سے خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :