سرگودھا میں زرعی ایکسپو سنٹر اور ڈرائی پورٹ بنائی جائے، محسن شاہ نواز

جمعہ 12 جون 2015 21:58

اسلام آباد ۔ 12 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات محسن شاہ نواز رانجھا نے وفاقی بجٹ 2015-16ء کو ملک کی معاشی ترقی کا عکاس قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرگودھا میں زرعی ایکسپو سنٹر اور ڈرائی پورٹ بنائی جائے جس سے ملک کو حاصل ہونے والا اڑھائی ارب ڈالر کا زرمبادلہ کئی گنا بڑھ جائے گا۔

جمعہ کو بجٹ 2015-16ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی تاریخ کو مدنظر رکھ کر دیکھا جائے ماضی کی نسبت انتہائی اچھا بجٹ ہے، جس سے ثابت ہے کہ ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے نامساعد حالات میں اقتدار سنبھالا، اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب ڈالر رہ گئے تھے، ملک پر 503 ارب کے گردشی قرضوں کا بوجھ تھا، ہماری حکومت نے معاشی پنڈتوں کے تمام دعوؤں کو غلط ثابت کیا۔

(جاری ہے)

سٹاک ایکسچینج 34 ہزار پوائنٹ اوپر گیا اور 10 ہزار نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جو ہماری معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ زراعت کے شعبہ میں اصلاحات لائی جائیں۔ انہوں نے گرین ٹریکٹر سکیم، زرعی قرضوں اور شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل کی سکیم کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے بھی زیادہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ سرگودھا میں زرعی ایکسپو سنٹر اور ڈرائی پورٹ بن جائے تو سرگودھا کے کینو مالٹا سے ملک کو حاصل ہونے والا اڑھائی ارب ڈالر کا زرمبادلہ کئی گنا بڑھ جائے گا۔