بجٹ ملک میں نئے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے ، میاں برادران سرخرو ہوئے ‘میاں عمران دولتانہ

پنجاب اور وفاق نے عوام دوست بجٹ دے کر اپنے وعدے پورے کر دئیے ،دیگر صوبے بھی تقلید کریں ‘مرکزی رہنماء (ن) لیگ

جمعہ 12 جون 2015 21:15

لا ہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما میاں عمران دولتانہ نے پنجاب اور مرکز کے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بردران عوام کی نظروں میں سرخرو ہو گئے ہیں ،ایسے مثبت اورمتوازن بجٹ انشا ء اﷲ ملک میں نئے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے- انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید کرنے سے پہلے حقائق کا بغور مطالعہ کر لیں اور تنقید برائے تنقید کی پالیسی پر عمل کرنے کی بجائے مثبت طرز عمل اختیار کریں -میاں عمران دولتانہ نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود مسلم لیگ (ن) اپنے کئے ہوئے وعدے پورے کر رہی ہے اور توانائی بحران پر قابو پانے کے علاوہ تعلیم ،صحت اور صحت عامہ کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے-انہوں نے کہا کہ خود روزگار سکیم اور اورنج لائن جیسے منصوبے ملک میں ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گے او رانشا ء اﷲ پاکستان ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو گا - انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت حزب اختلاف نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے اور اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرنے کی بجائے احتجاج کی روش اختیار کی جا رہی ہے جو کسی طو ربھی مناسب نہیں - میاں عمران دولتانہ نے توقع ظاہر کی کہ انشا ء اﷲ آنے والے تین برسوں میں مسلم لیگ (ن) مسائل پر قابو پاتے ہوئے اس سے بھی بہتر بجٹ پیش کرے گی اور2018 کے آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بناء پر دوبارہ کامیاب ہوگی جبکہ دیگر جماعتیں منفی روش کے باعث مسترد ہو جائیں گی -

متعلقہ عنوان :