آئندہ مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں معدنیات کیلئے 2ارب 17کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز

جمعہ 12 جون 2015 21:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پنجاب کے آئندہ مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں معدنیات کے لئے 2ارب 17کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ۔وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ معدنی ذخائر سے استفادہ کرنے کے لئے ایک موثر ، مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی پر گامزن ہے ۔ ضلع چنیوٹ میں رجوعہ کے مقام پر لوہے اور تانبے کے وسیع ذخائر کی دریافت حکومت کی اسی حکمت عملی کا ثمر ہے ۔

(جاری ہے)

رجوعہ کے ان ذخائر کے ساتھ ماضی میں جس مجرمانہ غفلت اور بددیانتی کا مظاہرہ کیا گیا اس کی تفصیل ایک دردناک داستان سے کم نہیں ۔ پچھلی حکومت نے بغیر کسی قسم کے ٹینڈر کے اس کی تلاش ایک ایسی نام نہاد کمپنی کو دے دی جس کا معدنی ذخائر کی تلاش سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا ۔ پچھلی حکومت کا یہ اقدام ملکی وسائل پر ڈاکہ زنی سے کم نہیں تھا ۔موجودہ حکومت کے تحت قواعد وضوابط اور شفافیت کے اعلیٰ ترین تقاضوں کے مد نظر رکھتے ہوئے عالمی ٹینڈرز کے بعد ہی کام برادر ملک چین کی ایک ایسی کمپنی کو دیا گیا ہے جس کا شمار متعلقہ شعبے میں دنیا کی بہترین کمپنیوں میں ہوتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :