جڑواں شہروں میں پیٹرول عدم دستیاب ،عوام کو مشکلات کا سامنا

شدید گرمی میں شہری پٹرول پمپس پر لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور قلت پمپوں کو مطلوبہ مقدار میں پیٹرول نہ ملنے سے ہوئی ،بحران کے خاتمے میں دو سے تین دن لگیں گے، ذرائع

جمعہ 12 جون 2015 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) جڑواں شہروں میں پیٹرول کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا اور شدید گرمی میں شہری لمبی لمبی قطاروں میں پیٹرول ڈلوانے کے لئے پٹرول پمپس پر گھنٹوں کھڑے ہو کر انتظار کرنے پر مجبور۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے بیشتر پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی کمی رہی۔ عوام کو مطلوبہ مقدار میں پیٹرول نہ مل سکا۔

بعض پیٹرول پمپ سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے بند رہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قلت پمپوں کو مطلوبہ مقدار میں پیٹرول نہ ملنے کی وجہ سے ہوئی جس کی وجہ سے پیٹرول بحران شروع ہوا اور اس کے خاتمے میں دو سے تین دن لگیں گے۔ ذرائع کے مطابق پٹرول کے بحران میں شدت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عوام پیٹرول بحران کا سن کر ضرورت نہ ہوتے ہوئے بھی اپنی گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کروانے کے لئے پیٹرول پمپوں کا رخ کرتے ہیں جس سے بحران میں مزید شدت آ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول بحران کی اصل وجہ حکومت کی طرف سے بروقت ادائیگیوں کا نہ ہونا ہے۔ پیٹرول پمپ مالکان بحران کو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دے رہے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیٹرول کمپنیوں کی کوشش ہے کہ اسلام آباد کے اہم علاقوں کے پیٹرول پمپوں کو پیٹرول کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے اور کسی طور پیٹرول کی کمی نہ ہونے دی جائے۔ بعض پیٹرول پمپ عوام کی ڈیمانڈ کے مطابق پیٹرول فراہم نہیں کر رہے۔ عوام نے شدید گرمی کے موسم میں پیٹرول پمپ پر دھکے کھانے کو حکومت کی غلط پالیسیوں اور غیر سنجیدہ منصوبہ بندی قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کو پیٹرول بحران سے نکالنے کے اقدامات کرے

متعلقہ عنوان :