ڈی جی رینجرکا بیان سندھ حکومت کیخلاف چارج شیٹ نہیں ہے،نثار احمد کھوڑو

بیان میں جن مسائل کی طرف اشارہ کیا گیا وہ آج یا کل پرسوں کے نہیں، برسوں پرانے ہیں،وزیر تعلیم سندھ رپورٹ پیش کرنے کا بہترفورم اپیکس کمیٹی ہی ہے،حکومت امن و امان کی بحالی کیلئے کام کررہی ہے ،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 12 جون 2015 18:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سندھ کے سینئروزیرتعلیم نثاراحمدکھوڑونے کہاہے کہ ڈی جی رینجرکا بیان سندھ حکومت کے خلاف چارج شیٹ نہیں ہے،بیان میں جن مسائل کی طرف اشارہ کیا گہاہے وہ آج یا کل پرسوں کے نہیں، برسوں پرانے ہیں،رپورٹ پیش کرنے کا بہترفورم اپیکس کمیٹی ہی ہے،بھتہ مافیا،لینڈمافیا اورٹارگٹ کلنگ کے واقعات آج کی پیداوارنہیں بلکہ یہ آمرانہ حکومتوں کے تحفے ہیں،حکومت امن وامان کی بحالی کے لیے ان عناصرکے خلاف کارروائی کررہی ہے اورآپریشن کے بہترنتائج برآمدہورہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کواپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثارکھوڑو نے کہاکہ آمرانہ حکومتوں نے غیرقانونی اسلحہ کوضبط کرنے اورغیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی اورسندھ میں بدامنی کے لیے برسوں منظم منصوبہ بندی کی گئی اور سازش کے تحت کراچی میں جدید غیرملکی اسلحہ پھیلایا گیا تاہم موجودہ حکومت کی طرف سے امن کی بحالی کے لیے کوششوں سے عدم تحفظ کے احساس کا خاتمہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیب ایک آزادادارہ ہے اورحکومت شفاف احتساب کے خلاف نہیں ہے۔ نثارکھوڑونے کہاکہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیارہے،مرحلہ واریاایک ہی دن بلدیاتی انتخابات ہونے یا نہ ہونے سے متعلق الیکشن شیڈول آنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گورنرسندھ کووفاقی حکومت نے ہٹانے کے فیصلے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے تاہم اگرگورنرسندھ خود استعفے دیتے ہیں توبھی ان کا استعفی قبول کرنے یا نہ کرنے کا اختیاربھی وفاق کوحاصل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سینئروزیرنثارکھوڑونے کہاکہ سندھ حکومت کے خلاف ماضی میں بھی سازشیں ہوتی رہیں اورجب سندھ میں عدم استحکام ہوتا ہے تواس کے اثرات وفاق پربھی پڑتے ہیں، ماضی میں جب انیس سواٹھانوے میں سندھ کے خلاف سازش کرکے اسمبلی کومعطل اورصوبائی حکومت کوختم کیا گیا تووفاقی حکومت بھی باقی نہیں رہی۔ انہوں نے کہاکہ وفاق تیل ،گیس اوربجلی کی لوڈ شیڈنگ پرسندھ کے ساتھ زیادتی کررہا ہے اورسندھ ان زیادتیوں کے خلاف بھرپورآوازاٹھائے گی۔

انہوں نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کے تحت تیل اورگیس کا پچاس فیصد حصہ دیا جائے اورسندھ میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عابد شیرعلی حیدرآباد میں پھوں پھاں کرکے چلے گئے،انہوں نے کبھی سندھ کے عوام کوچورکہا توکبھی برے بھلے الفاظ کہے ۔نون لیگ نے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا عوام کے ساتھ دعوی کیا ،ڈھائی سال پورے ہونے کوہیں نون لیگ کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پرخاموشی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکوسوچ سمجھ کراردوبولنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں آج بجٹ پیش کیا جائے گا جس میں امن وامان تعلیم اورصحت پرزیادہ توجہ دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :