حکومت تمام شعبہ جات میں تیز تر ترقی کیلئے ملک میں ایندھن اور توانائی کی پائیدار بنیادوں پردستیابی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، ملکی معیشت مستحکم اور اقتصادی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، تیل وگیس، انفراسٹرکچر سمیت مخلتف شعبہ جات میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کو تقویت ملے گی، گوادار کو فری پورٹ بناناہمارا وژن ہے اس کیلئے بہت جلد ضروری قانون سازی کی جائے گی، کراچی میں آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا

وزیراعظم محمد نواز شریف کا حب میں ملک کے سب سے بڑے آئل ریفائنری کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 جون 2015 18:03

حب (لسبیلہ) ۔ 12 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تمام شعبہ جات میں تیز تر ترقی کیلئے ملک میں ایندھن اور توانائی کی پائیدار بنیادوں پردستیابی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، ملکی معیشت مستحکم اور اقتصادی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، تیل وگیس، انفراسٹرکچر سمیت مخلتف شعبہ جات میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کو تقویت ملے گی، گوادار کو فری پورٹ بناناہمارا وژن ہے اس کیلئے بہت جلد ضروری قانون سازی کی جائے گی، کراچی میں آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں ملک کے سب سے بڑے آئل ریفائنری کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو ایک لاکھ 20ہزار بیرل یومیہ تیل صاف کرنے کی گنجائش رکھتا ہے جس سے ملک کی توانائی کی کم وبیش 39فیصد ضروریات پوری ہوں گی۔

(جاری ہے)

بائیکو گروپ کی طرف سے قائم کردہ ریفائنری 750 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آئی ہے اور 16 ملین ٹن فیول آئل، 24 لاکھ ٹن ڈیزل، 11لاکھ ٹن ایل پی جی سالانہ پیدا کرے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تیل وگیس کے شعبہ میں یہ ریفائنری ایک قابل تحسین اضافہ ہے اوریہ پائیدار بنیادوں پر پیداوار میں بہت معاون ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ تیل وگیس قیمتی قدرتی وسائل ہیں جو تیل پیدا کرنے والے ممالک کی معیشت کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کو 22ملین ٹن تیل درکار ہے لیکن ملک کو خام تیل صاف کرنے کی گنجائش کے فقدان کا سامنا ہے۔

مکمل خود انحصاری کے حصول میں وقت درکار ہوگا۔ وزیراعظم نے تیل صاف کرنے کے شعبے میں بائیکو گروپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ دوسری ریفائنری کا قیام روزگار پیدا کرنے اور خام تیل کی صفائی میں خود انحصاری کے حصول میں معاون ہوگا۔ انہوں نے ریفائنری میں ابراج گروپ کی سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے اس کے سربراہ عارف مسعود نقوی کو اسلام آباد میں ملاقات کیلئے مدعو کرتے ہوئے ایسی تجاویز اورشعبہ جات کی نشاندہی کرنے کی دعوت دی جہاں مزید سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ گوادار کو فری پورٹ بنانا ان کی حکومت کا وژن ہے انہوں نے یقین دلایا کہ گوادر کو یہ درجہ دینے کیلئے بہت جلد ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بندرگاہ کو سڑکوں، ریل رابطوں کے ذریعے پشاور اور آگے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ملایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے قریب گوادر سے چمن تک خوبصورت سڑک تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ افغانستان میں واخان راہداری کے ساتھ اسے منسلک کرنے کا بھی ایک اور آپشن ہے جہاں سے اسے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ملایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے قومی معیشت میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی معیشت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک کے تمام حصوں کے ساتھ رابطے استوار ہوں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ ضرب عضب آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے دہشت گردوں کے ٹھکانے اور نیٹ ورک اب فعال نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کو یہ بات سمجھ آ گئی ہے کہ اب ان کے پاس مزید گنجائش نہیں ہے اور ان کے گرد گھیرا تنگ ترہو رہا ہے۔

انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کراچی میں آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ معیشت کے فروغ کیلئے کراچی میں امن ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کراچی میں صفورا حملے میں ملوث عناصر کو پکڑا جا چکا ہے ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزیرخزانہ اسحق ڈار سے کہاکہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی مزید حوصلہ افزائی کیلئے ٹیکسوں میں نئی صنعتوں کو مزید مراعات دینے پر غور کریں۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں بلوچستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری امن وآشتی لائے گی۔ انہوں نے ملک کے تیل کے شعبے میں بائیکو انڈسٹریز کی سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سکولوں کی اپ گریڈیشن اور بجلی کی فراہمی سمیت بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔

وزیر مملکت پٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال نے کہاکہ اس منصوبے سے بلوچستان کے عوام کیلئے 40سے 50ہزار کے قریب بالواسطہ روزگار پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آئل ریفائنری کے کامیاب آغاز سے پاکستان کے تیل کے شعبے میں کردار ادا کرنے پر بائیکو کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔ وزیرمملکت نے کہاکہ ان کی وزارت توانائی وسائل کی گنجائش بڑھانے کیلئے کام کر رہی ہے اور گیس کی قلت کے بحران پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔

بائیکو انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹو عامر عباسی نے کہاکہ یہ منصوبہ 6سال میں مکمل کیا گیا اور ہائیڈرو کاربن کے سلسلے میں ایک پائیدار اور خوش آئندہ اضافہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بائیکو نے اب تک ملک کے بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی میں 750 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ سی ای او ابراج کیپٹل لمیٹڈ عارف مسعود نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مشرق وسطیٰ کے اولین پرائیوٹ ایکویٹی فنڈ کی حیثیت سے وہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہیں گے۔

نئی ریفائنری کے قیام سے پاکستان گہرے سمندر میں سنگل پوائنٹ مورنگ( ایس پی ایم) سہولیات کے حامل ممالک کی صف میں شامل ہوگیا ہے جو ساحل کے ساتھ قائم ریفائنریز کو پائپ لائن کے ذریعے خام تیل پہنچانے کی سہولت رکھتے ہیں۔ بائیکو ٹرمینل پاکستان لمیٹڈ نے کیماڑی اور محمود کوٹ میں اپنے ٹرمینل قائم کئے ہیں اور ٹرمینل کی تنصیب کیلئے شکارپور اور ماچھی میں اراضی حاصل کی ہے۔ حب میں واقع بائیکو کی موضع کنڈ سائٹ سے 14کلو میٹر دور شمالی بحیرہ عرب میں سمندر کے 10 کلو میٹر کے اندر (ایس پی ایم )قائم کی گئی ہے۔