مقبوضہ جموں میں مسلمانوں کو ایک منظم سازش کے تحت اپنے گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے،پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی

جمعہ 12 جون 2015 17:27

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جمعیت اہلحدیث کے صدرپروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے جموں خطے میں مسلمانوں کو اپنی زمینوں سے بے دخل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرقہ پرست عناصرایک منظم سازش کے تحت جموں میں مسلمانوں کو ختم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنگلاتی زمین کا بہانہ کرکے مسلمانوں کوگھر وں اور زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے مسلمان جمو ں خطے میں رہنے والے اپنے بھائیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں ،کٹھوعہ،ادھمپور ،سا نبہ ،راجوری ،پونچھ،ڈوڈہ ،بھدرواہ، کشتوار اور رام بن وغیرہ میں رہائش پذیر مسلمانوں کو جنگل کی اراضی کو چھڑانے کے نام پر اپنے گھروں سے بے دخل کردینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور اسکے ساتھ ساتھٴ جموں خطے میں مسلم آفیسروں کو ہٹا کران کی جگہ ہندو آفیسروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ مذموم منصوبوں کو آسانی سے عملی جامہ پہنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت دراصل ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے مذموم منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے اور جموں میں 1947جیسی صورت حال پیدا کی جا رہی ہے جب یہاں لاکھوں مسلمانوں کو قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں کے انتہائی خطرنا ک نتائج نکلیں گے۔ دریں اثنا پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے مسلح بھارتی ایجنٹوں کے ہاتھوں سوپور میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے رکن محمد الطاف شیخ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے غم زدہ لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔