شاہدرہ ، نفسیاتی مریض نے اپنے تین کم سن بھتیجوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

جمعہ 12 جون 2015 17:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں شاہدرہ کے علاقے میں نفسیاتی مریض تایا نے طیش میں آ کر اپنے تین کم سن بھتیجوں کو چھری کے وار سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ محلہ داروں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم فریاد آلہ قتل سمیت گرفتار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقے چھمیاں والا پل کے قریب رہائشی عبدالمجید کے بڑے بھائی فریاد کی قریباً اڑھائی سال قبل شادی ہوئی اس عرصہ میں اس کے گھر اولاد نہ ہونے پر وہ نفسیاتی مریض بن گیا۔

اس کی حرکتوں سے تنگ آ کر اس کی بیوی بھی ناراض ہو کر اپنے میکے چلی گئی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز دوپہر کے وقت کسی بات سے طیش میں آ کر اس نے اپنے چھوٹے بھائی کے 3 بچوں جن کی عمریں ڈیڑھ سال، 3 سال اور 5 سال جبکہ نام سلیم، وسیم اور شکیل بتائے جاتے ہیں، کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔ وہ جائے وقوعہ سے فرار ہونے لگا تو اہل علاقہ نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم فریاد کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا جبکہ بچوں کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیَئے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا۔ اس اندوہناک واردات پر اہل علاقہ پر سوگواری کیفیت طاری ہو گئی۔ معصوم جانوں کے قتل پر علاقے کی عورتیں آہ و بکاہ کرتے ہوئے ملزم فریاد کو بددعائیں دیتی رہیں۔