وفاق کے افسر صوبے کا مزاج نہیں سمجھتے،اعظم خان

جمعہ 12 جون 2015 16:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سینٹ میں سینیٹر سردار محمد اعظم خان نے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں وفاق کے اعلیٰ افسران تعینات کئے جاتے ہیں جو کہ صوبہ کے مزاج کو نہیں سمجھتے تو وہ اپنے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں روایات سے ہٹ کر جب فیصلے ہونگے تو پھر وہاں بدامنی ، افراتفری اور آئینی اکائیوں کی نفی ہوتی ہے وفاق کے افسران کو وہاں تعینات نہ کیا جائے من پسند لوگوں کو دوسرے صوبوں میں اعلیٰ عہدے دیکر وفاق اپنی مرضی کے فیصلے زبردستی مسلط کرنا چاہتا ہے اس کے جواب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 240و دیگر شقوں کے تحت ہر سروسز گروپ کے آفیسر کو دوسرے صوبہ میں بھیجا جاتا ہے تاکہ وہ ملکی سطح پر روایات اور مسائل سمجھ سکے پولیس افسران جو کہ دیگر صوبوں میں تعینات کئے جاتے ہیں تو صوبائی حکومت سے باقاعدہ مشاورت کی جاتی ہے تین افسران کا پینل دیا جاتا ہے جس کو وہ پسند کرتے ہیں اسے تعینات کردیا جاتا ہے ۔