کراچی میں مافیا سیاسی ہو یا غیر سیاسی خاتمہ یقینی بنایا جائے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں، شہرقائد کو مکمل پر امن شہر بنانے تک آپریشن جاری رکھاجائے،دہشت گردوں کے مالی وسائل کے ذرائع کو تباہ کرکے سپورٹ کرنیوالے گروپوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں

وزیراعظم نواز شریف کی گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں ہدایت

جمعہ 12 جون 2015 16:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں مافیا سیاسی ہو یا غیر سیاسی خاتمہ یقینی بنایا جائے، کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کریں، کراچی کو مکمل پر امن شہر بنانے تک آپریشن جاری رکھاجائے۔ جمعہ کو گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نواز شریف سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت خرم دستگیر اور وزیرمملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی آپریشن، سندھ میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری کسی حد تک امن و امان سے مطمئن ہے، ملاقات میں گزشتہ روز ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز کے بیان کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم نواز شریف کو بتایا کہ ایپکس کمیٹی کے تمام فیصلوں پر عمل کیا جا رہا ہے، جبکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے وزیراعظم نواز شریف کو وفاق اور صوبے کے باہمی تعلقات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام ادارے مل کر کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنائیں، کراچی میں کوئی بھی مافیا ہو، سیاسی ہو یا غیر سیاسی اس کا خاتمہ کیا جائے، نہ صرف دہشت گردوں کے مالی وسائل کے ذرائع کو تباہ کیا جائے بلکہ ان کو سپورٹ کرنے والے گروپوں کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے، کراچی میں ہر صورت امن قائم کیا جائے گا، دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں، وزیراعظم نے کہا کہ جب سے نیشنل ایکشن پلان بنا ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم انکشافات سامنے آ رہے ہیں، کراچی کو مکمل پرامن شہر بنانے تک آپریشن جاری رکھیں گے۔