کراچی میں تمام مافیاز کا جڑ سے خاتمہ کیا جائیگا،قانون نافذ کرنیوالے ادارے تمام وسائل بروئے کارلائیں،محمد نواز شریف

جمعہ 12 جون 2015 16:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں تمام مافیاز کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا ۔دہشت گردوں کو مالی وسائل فراہم کرنے والے اور اس سے فائدہ حاصل کرنے والے عناصر کا تعلق خواہ کسی بھی گروہ یا تنظیم سے ہو ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ۔دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا ۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے مالی نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور قیام امن کے لیے بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہاوٴس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار ،انجینئر خرم دستگیر خان ،وزیر مملکت جام کمال بھی موجود تھے ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ کی مجموعی سیاسی صورت حال ،کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کی کامیابی کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مالی نیٹ ورک کو توڑے بغیر کامیابی اہداف حاصل نہیں ہوسکتے ہیں ۔

اسی لیے قانون نافذکرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کراچی میں بھتہ خوری ،قبضہ مافیا سمیت دیگر جرائم کی مافیاز کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور انٹیلی جنس بنیادوں پر اس نیٹ ورک کے خاتمے اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کا قلع قمعہ کیا جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لیے جاری آپریشن کامیابی کی طرف گامزن ہے ۔سیاسی قوتیں او ر عوام کراچی میں قیام امن کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ شہر قائد کی رونقوں کو بحال کیا جاسکے ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیراعظم کو سندھ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد سے آگاہ کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو وفاق کی جانب سے فنڈز کی کمی اور ترقیاتی امور سمیت میگا پروجیکٹس کے حوالے سے مرکزی حکومت کے عدم تعاون پر صوبے کی تشویش سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت صوبے کے دیگر مسائل اور ترقیاتی کاموں کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کرے گی اور میگا پروجیکٹس کی تکمیل،کراچی آپریشن کے لیے فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کو بھی جلد حل کردیا جائے گا ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہرممکن وسائل فراہم کرے گی اور دہشت گردوں کے مالی نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے بھی تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :