نریندر مودی کے عزائم کو بے نقاب کر نے کی ضرورت ہے ،عبدالرشید ترابی

جمعہ 12 جون 2015 16:08

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے عزائم کو بے نقاب کر نے کی ضرورت ہے مودی کے اعتراف کے بعد کہ پاکستان کو دولخت کرنے میں وہ خود بھی شامل تھا اس کا بدلہ اس سے کشمیر میں لیں گے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی 8لاکھ فوج کی سنگینوں کے سائے میں پاکستان کے پرچم بلند ہونا مودی اور عالمی قوتوں کے لیے پیغام ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ایک بھی ہندوستانی فوجی مقبوضہ کشمیر میں موجود ہو،ان خیالات کااظہار انہوں نے بیرپانی میں خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیاں خطے میں جنگ کی طرف ماحول کو لے جار ہی ہیں ہمارا مقابلہ ایک تنگ نظر اور کم ظرف دشمن سے ہے ہمیں اپنی پوری تیاری اور صف بندی کی ضرورت ہے

انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی سطح پر بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو بے نقاب کرے انہوں نے کہا کہ کشمیری جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہیں ہمیں اتحاد و یکجہتی سے دشمن کا مقابلہ کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ یہاں کے نوجوانوں نے مقبوضہ کشمیر میں جا کر اپنی ماؤں بہنوں کی عزت و آبرو کے لیے اور ہندوستان کے جابرانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا ،15جون کو شہداء کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ خصوصی خطاب کریں گے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر ہمیں اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے اجتماعی توبہ کرنے کی ضرورت ہے جن مسائل کا ہم شکار ہیں وہ اللہ سے اور اللہ کے دین اور قرآن وسنت سے دوری کی وجہ سے ہے ایک بار پھر ہمیں اپنی زندگی میں رمضان نصیب ہو رہا ہے ہمیں اس کے اکرام کرنے اور زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ خطہ ہمارے آباواجداد نے اس لیے آزاد کروایا تھا کہ یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم ہو شریعت کا نفاذ ہو مگر 68برس گزر گئے ہم وہ نظام قائم نہیں کر سکے جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں تھیں،انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے عوام ہمارے ہاتھ مضبوط کرے تو 5سالوں میں خطے کے تمام مسائل حل کر دیں گے۔