خطہ میں فن و ثقافت کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کریں گے،سید بازل علی نقوی

جمعہ 12 جون 2015 16:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) آزادکشمیر کے وزیر زراعت ،امور حیوانات و اسماء سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ خطہ میں فن و ثقافت کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کریں گے ۔موجودہ حکومت بھارتی ثقافتی یلغارکو روکنے او ر کشمیر کی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھار ہی ہے ۔کشمیر ی فنکاروں نے وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود اپنی ثقافت کو زندہ رکھا ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے پاک کشمیر سوسائٹی اور چارلی ڈرامہ اکیڈمی کے زیر اہتمام کشمیر لوک ورثہ مظفرآباد اور قومی ورثہ اسلام آباد ،ویمن ڈے اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے والے فنکاروں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جس سے آزادکشمیر کے سینئر قانون دان ،دانش و ر و کالم نگار حضور ا مام کاظمی ایڈوکیٹ ،شہزادلولابی اور مسرت شیخ نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ رستم چارلی ،بلال بلوچ ،شاہین پردیسی ،شبیر اعوان ،راجہ عمران ،عبدالباسط نے رنگا رنگ خاکے اور علاقائی گیت پیش کئے ۔وزیر زراعت بازل نقوی نے کہا ہے کہ پاک کشمیر سوسائٹی کا فن و ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ہے ۔

اس ادارے کی کوششوں و کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جلد لچھراٹ میں عظیم الشان میلا مویشیاں منعقد کیا جائے گا جس میں سوسائٹی کے فنکاروں سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ اس میلے میں کشمیر تہذیب و ثقافت کا رنگ بھی نظر آئے ۔اس موقع پر وزیر زراعت بازل نقوی و حضور امام کاظمی نے فنکاروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔تقریب میں ٹیلی ویژن سٹیج کے سینئر ڈرامہ رائیٹر و آرٹسٹوں حبیب الرحمان حبیب ،مجاہد شیرازی ،طارق شفیع ،مسعود قریشی اور محسن قریشی نے بھی شرکت کی ۔