پیپلزپارٹی حکومت نے آزادکشمیرمیں تین میڈیکل کالج اور 5 یونیورسٹیاں بنائیں،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 12 جون 2015 16:06

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء)آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرکے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیرمیں تین میڈیکل کالج اور 5 یونیورسٹیاں بنائیں۔ آزادکشمیرمیں میڈیکل یونیورسٹی اور ڈینٹل کالج بھی ضرور بنائیں گے ۔ محترمہ بے نظیرشہید میڈیکل کالج کی بلڈنگ میڈیکل کے جدیدتقاضوں کے مطابق تعمیر کریں گے۔

محترمہ بے نظیربھٹو شہید میڈیکل کالج کی فیکلٹی ، میڈیکل کالج کے طلباء وطالبات کو بین الاقوامی معیارکے مطابق میڈیکل کی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ ہمارے ڈاکٹرز دنیامیں کشمیرکی شناخت کے طورپرجانے جائیں۔ میڈیکل کالج میں نظم وضبط اور کشمیری تہذیب وتمدن کو برقراررکھاجائے۔ پروفیسرڈاکٹرز ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال اور نیوسٹی ٹیچنگ ہسپتالوں میں لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچائیں اور انسانیت کے جذبہ کے تحت دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔

(جاری ہے)

میڈیکل کالج میں مقبوضہ کشمیرکی جلد آزادی ، افواج پاکستان، پاکستان کی سلامتی اور ترقی ، معاشی خوشحالی اور سیاسی استحکام ، افواج پاکستان کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جاری اپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور محترمہ بے نظیربھٹوشہید کے درجات کی بلندی کے لیے طلبا وطالبات دعائیں کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ 84 ہزارمربع میل پربسنے والے کشمیری اپناحق آزادی لے کررہیں گے۔

ہم پاکستانیوں سے بڑھ کر پہلے پاکستانی ہیں۔ بھارتی سرکار کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کا پاک فوج کے ساتھ مل کر کشمیری بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملادیں گے۔ ہم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوارثابت ہونگے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے محترمہ بے نظیربھٹوشہید میڈیکل کالج کے دورہ کے دوران کالج فیکلٹی کی میٹنگ اور طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پرنسپل محترمہ بے نظیربھٹوشہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرمیاں عبدالرشید نے وزیراعظم کومیڈیکل کالج کے متعلق بریفنگ دی اور جملہ مسائل کی نشاندہی بھی کی۔ اس موقع پر کمشنرمیرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان، ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، وزیراعظم کے مشیرچوہدری حق نواز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹربشیرچوہدری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نیوسٹی ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹرعابد شاہ، ڈی ایچ او ڈاکٹراصغرعلی، پروفیسرڈاکٹرحسن شہزادکے علاوہ میڈیکل کالج کی فیکلٹی اور طلبا وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اپنے خطاب میں کہاکہ شدید مالی مسائل کے باوجودہم نے آزادکشمیرمیں تین میڈیکل کالجزاور پانچ یونیورسٹیاں قائم کیں۔ ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کے لیے گذشتہ 65 سالوں سے جدوجہد ہوتی رہی ۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکے میڈیکل کالج وقت کی ضرورت تھی۔ ہماری نیت ٹھیک تھی اور یہ مشکل کام ہماری حکومت نے کردکھایا۔

انھوں نے کہاکہ ہمارااگلاٹارگٹ آزادکشمیرمیں میڈیکل یونیورسٹی کا قیام ہے جس کے لیے حکومت آزادکشمیر ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کوئی بھی نیاادارہ بنانے میں مسائل ،مشکلات او تکالیف ضرورہوتی ہیں میڈیکل کالجزکے جملہ مسائل بتدریج حل ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں میڈیکل کالجزکاقیام محترمہ بے نظیربھٹوشہید کا خواب تھاجسے سابق صدراسلامی جمہوریہ پاکستان وشریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پوراکردیا۔

انھوں نے کہاکہ پی ایم ڈی سی کی ریکوائرمنٹ کے مطابق آزادکشمیرمیں قائم میڈیکل کالجز کی ضروریات پوری کریں گے ۔ وزیراعظم نے میڈیکل کالج کے طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میڈیکل کا شعبہ تمام شعبوں سے مقدس اور دکھی انسانیت کی خدمت کا شعبہ ہے اس شعبہ سے وابستہ افراد بالخصوص طلبا وطالبات دل لگاکراپنی تعلیم حاصل کریں اور اپنے کردار اورگفتارکاخاص خیال رکھیں تاکہ وہ مستقبل میں ایک ڈاکٹربن کر دکھی انسانیت کی حقیقی معنوں میں خدمت کرسکیں۔

انھوں نے پرنسپل اور پروفیسرصاحبان سے کہاکہ وہ میڈیکل کالج میں ڈسپلن اور کشمیری تہذیب وتمدن کوپروان چڑھائیں اور طلبا وطالبات کی بین الاقوامی ضروریات کے مطابق کردارسازی کریں۔ انھوں نے طلبا وطالبات سے کہاکہ وہ اساتذہ اور والدین کی عز ت وتکریم کویقینی بنائیں ۔ حکومت میڈیکل کالجوں کے جملہ مسائل حل کرے گی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پرمیڈیکل کالج کے طلباء وطالبات کی ریفریشمنٹ کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیرسے مختلف سیاسی وسماجی وفود نے ملاقاتیں کیں اور انھیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفودسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیرمیں بلاتخصیص تعمیروترقی کا عمل جاری ہے ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کے جملہ مسائل ترجیح بنیادوں پرحل ہوں اور حکومت کے ثمرات لوگوں تک براہ راست پہنچیں۔