رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بدھ کو طلب کر لئے ..
تازہ ترین : 1
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بدھ کو ..

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بدھ کو طلب کر لئے گئے

ماہر فلکیات نے رمضان المبارک کاچاندجمعرات کونظر آنے کی پیش گوئی کردی

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ): رمضان المبارک 1436ھ کاچاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس 17جون بروز بدھ بمطابق 29 شعبان المعظم کو بوقت نماز مغرب طلب کرلیے گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مرکزی چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں کراچی میں منعقد ہو گا جبکہ پراونشل اور ذونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسی وقت ان کے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔

انہوں نے بتایاکہ ملک بھر سے شہادتیں جمع کرنے کے بعد مرکزی چیئرمین مفتی منیب الرحمن الیکٹرانک و پرنٹ میڈیاکے ذریعے رمضان المبارک کاچاند نظر آنے یا نہ آنے کااعلان کریں گے۔دریں اثناء ملک کے ممتاز ماہر فلکیات ، قمر شناس ، علم الاعداد پروفیسر محمد حمزہ نعیم پرنسپل (ر)گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے پیش گوئی کی ہے کہ رمضان المبارک کاچاند30 شعبان المعظم 1436ھ بمطابق 18جون بروزجمعرات کو نظر آئیگا جبکہ یکم رمضان المبارک 1436ھ بمطابق 19 جون بروزجمعہ کو ہو گی اور ملک بھر کے فرزندان اسلام19 جون بروز جمعہ کو پہلا روزہ رکھیں گے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ شعبان المعظم کا رواں مہینہ 29 کی بجائے 30ایام پر مشتمل ہو گا اس لئے 29شعبان بمطابق 17 جون بروز بدھ کو رمضان المبارک کا چاندنظر آنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ 18جون بروز جمعرات کی شام مطلع صاف ہو گا اس لئے چاند کی عمر پوری ہونے کے باعث اسے ننگی آنکھ سے بآسانی دیکھا جاسکے گا۔

وقت اشاعت : 12/06/2015 - 14:39:12

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں